وارناسی میں منادر کا انہدام ‘ یو پی اسمبلی سے اپوزیشن کا واک آؤٹ

لکھنؤ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وارناسی میں کاشی وشواناتھ کوریڈور کی تعمیر کے لئے منادر کے انہدام اور لارڈ شیوا کے مجسموں کو پھینک دینے کے مسئلہ پر کانگریس ارکان نے اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا۔ ریاستی اسمبلی میں ایس پی رکن شتروڈا پرکاش نے سب سے پہلے اس مسئلہ کو اُٹھایا۔ انھوں نے کہاکہ تقریباً 50 شیو لنگ مجسموں کو اُکھاڑ کر پھینک دیا گیا۔ صبح میں جس وقت اسمبلی کا آغاز ہوا، کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر اجئے کمار للو نے اس موضوع کو زیربحث لاتے ہوئے کہاکہ حکومت نے اس حرکت سے 125 کروڑ سناتن دھرم کے ماننے والوں کے عقائد کی توہین کی ہے اور وارناسی میں کئی منادر کو نہ صرف منہدم کیا گیا بلکہ لارڈ شیوا کے مجسموں کو بھی پھینک دیا گیا۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ
سے معافی چاہنے کا مطالبہ کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔

امپھال میں بم دھماکہ
کوئی زخمی یا ہلاک نہیں
امپھال20دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) منی پور کی راجدھانی امپھال میں بدھ کی رات ایک دھماکہ ہوا لیکن اس میں کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ بم دھماکہ مشرقی امپھال میں نونگرین چنن گکھوک جی پی کے پردھان ایم بلاسینی کی رہائش کے نزدیک ہوا۔ دھماکہ میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے ۔