وارم اپ میچ میں ہندوستان کا قدرے بہتر مظاہرہ

وانگیری (نیوزی لینڈ ) 2 ؍ فبروی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے ناقص مظاہرہ کا تسلسل آج ختم ہوتا نظر آیا اور کھلاڑیوں نے فام میں واپسی کرتے ہوئے دو روزہ پریکٹس میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ XI کو 262/9 (ڈیکلرڈ) پر سمیٹ دیا ۔ اس میچ میں حالانکہ کئی اہم کھلاڑی بشمول کپتان مہندر سنگھ دھونی نہیں کھیل رہے ہیں جواب میں ہندوستان نے 14 اوورز میں 41/0 رنز بنالئے تھے ۔ نیوزی لینڈ نے قبل ازیں 78 اوورز کے بعد اپنی اننگز ڈکلیر کر دی ۔ یہ صرف پریکٹس میچ ہے جبکہ دو میچز کی ٹسٹ سیریز 6 ؍ فبروری سے آکلینڈ میں شروع ہو رہی ہے ۔ ونڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا مظاہرہ انتہائی ناقص رہا اور اسے نیوزی نیوزی لینڈ نے 0-4 سے شکست دی لیکن آج کے پریکٹس میچ میں ٹیم نے فام میں واپسی کا اشارہ دیا ہے تاہم یہ ایک غیر مسابقتی میچ ہے ۔ دھونی اور ویراٹ کوہلی اس میچ میں شامل نہیں اور وہ آکلینڈ میں ہی قیام کئے ہوئے ہیں وہ مصروف ترین ونڈے سیریز کے بعد کچھ آرام کرنا چاہتے ہیں ۔ رویندر جڈیجہ تیسرے کھلاڑی ہیں جو اس میچ میں شریک نہیں ہوئے باوجود اس کے کہ وہ ٹیم کے ساتھ وانگیری پہنچے ۔ اس طرح کے دو روزہ میچز میں دونوں طرف کے 11 کھلاڑیوں کو بیٹنگ یا بولنگ کا موقع دیا جاتا ہے ۔ ہندوستان کے ٹسٹ اسپیشلسٹ ظہیر خان ‘ چٹیشور پجارا ‘ مرلی وجئے ‘ اومیش یادو اور ردھیمان ساہا کو 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ۔ اس دوران محمد سمیع اور بھونیشور کمار کو بولنگ کے شعبہ میں نہیں رکھا گیا تھا لیکن وہ فیلڈنگ کے لئے میدان میں آئے کیونکہ بعض ہندوستانی بیسٹمین نے نیٹ پر پریکٹس کرتے ہوئے اپنا کچھ وقت گذارا ۔

نیوزی لینڈ X1 کے کپتان انٹونی ڈیوسچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اس دو روزہ مقابلہ میں ہر دن 97 اوورز ڈالے جائیں گے ۔ اوپنرس جارج واکر اور او بی او ڈونیل نے پہلی وکٹ کے لئے 81 رنز بنائے ۔ او بی ڈونیل مجوزہ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی انڈر 19 ٹیم کے کپتان ہیں ۔ انہوں نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 114 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے ۔ آر اشوین 2/45 نے ہندوستانی ٹیم کو نمایاں کامیابی دلائی اس کے بعد ظہیر خان 1/42 نے کپتان ڈیوسچ کو آوٹ کیا ۔ اس سے پہلے او ڈونیل اور جونو ہیکی کے مابین 57 رنز کی پارٹنرشپ رہی ۔

لنچ کے بعد ایشانت شرما 2/58 نے او ڈونیل کو 80 رنز پر آوٹ کرتے ہوئے یہ پارٹنرشپ ختم کی ۔ اس کے بعد وقفہ وقفہ سے وکٹس گرتے رہے ۔ ایشور پانڈے پہلے ایک گھنٹہ کا کھیل ختم ہونے کے بعد بولنگ کے لئے آئے اور وہ کامیاب بولر ثابت ہوئے ۔ انہوں نے 14 اوورز میں 3/42 وکٹس لئے ۔ جاریہ دورہ میں انہیں پہلی مرتبہ کھیلنے کا موقع ملا اور انہوں نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے صلاحتیوں کا بہترین مظاہرہ کیا ۔ ہیکی نے اچھی اننگز کھیلی اور ایسے وقت جبکہ دوسری طرف وقفہ وقفہ سے وکٹس گر رہی تھیں ‘ انہوں نے اپنی وکٹ بچائے رکھی اور 85 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 45 رنز اسکور کئے ۔ اس وقت جب ہیکی بیٹنگ کر رہے تھے اشوین اور ایشانت نے ایک ایک وکٹ لی ۔ اومیش یادو 1/70 نے بھی ایک وکٹ لی اور او ڈونیل کی آوٹ ہونے کے بعد میزبان ٹیم نے صرف 60 رنز کے عوض پانچ وکٹس کھو دیئے ۔ رولڈ بیڈن ہورسٹ نے اسکور کو 250 کے نشانہ تک پہنچایا جس کے بعد میزبان ٹیم نے اننگز ڈکلیر کر دی جبکہ مزید 14 اوورز باقی تھے ۔ ہندوستانی اوپنرس شکھر دھون (16 ناٹ آوٹ ) اور مرلی وجئے (19 ناٹ آوٹ ) نے مجموعی طور پر ٹیم کے اسکور کو بغیر کسی مشکل کے 41 رنز تک پہنچایا ۔
مختصر اسکور:
نیوزی لینڈ X1 262/9 ۔ 78 اوورز۔ اوڈونیل 80 ‘ جونو ہیکی 45
ایشور پانڈے 3/42 ‘ اشوین 2/45 ۔ ایشانت شرما 2/58 ۔ ہندوستان 41/0 ۔ 14 اوورز – مرلی وجئے 19 (ناٹ آوٹ) شکھر دھون 16 (ناٹ آوٹ) ۔ ٹائیسن فرائیڈے 0/15 ۔ ریان میک ہیک 0/10