وارانسی میں مودی کو کامیاب کرنے بی جے پی کی ’’اپنادل‘‘ سے مفاہمت

وارانسی ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے بھی وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے کھیل بگاڑنے والی پارٹی ’’اپنادل‘‘ سے سیاسی مفاہمت کرلی ہے تاکہ زائد از دو لاکھ مقمی کرمی ووٹرس کو راغب کیا جاسکے جو بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی انتخابی میدان میں موجودگی سے دھماکو حلقہ انتخاب بن چکا ہے۔ سیاسی بساط پر سیاستدانوں کی یہ چال شاید کارآمد ثابت ہو کیونکہ ماقبل انتخابات اپنا دل سے مفاہمت کا مطلب یہی ہے کہ نریندر مودی کی کامیابی کو مزید آسان بنانا۔ کرمیوں کے ووٹ حاصل کرنے کا واضح مطلب یہی ہوگا کہ پارٹی کی کامیابی

اور نریندر مودی اپنے کانگریسی حریف اجے رائے اور عام آدمی پارٹی سربراہ و سابق وزیراعلیٰ دہلی اروند کجریوال سے مقابلہ آسان ہوجائے گا۔ ’’اپنادل‘‘ کی تشکیل ہی اسی نیت سے کی گئی ہیکہ ووٹس تقسیم ہوجائیں اور شاید اسی لئے پارٹی کو ’’کھیل بگاڑنے والی‘‘ پارٹی بھی کہا جارہا ہے کیونکہ لاکھوں کی تعداد میں ووٹس کی تقسیم سے کسی بھی امیدوار کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ اپنا دل کا روہانیہ اور سیوا پوری میں بھی کافی اثر ہے۔ بی جے پی کے داخلی ذرائع نے بتایا کہ اپنا دل کے ساتھ بی جے پی کی مفاہمت خصوصی طور پر وارانسی کے لئے کی گئی ہے اور وارانسی اب ملک بھر میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بن چکا ہے جہاں کے نتائج یقیناً تاریخ ساز ہوں گے۔