واجپائی کی سالگرہ تقریب کے موقع پر یوم بہترین حکمرانی

نئی دہلی۔/2ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ کے موقع پر 25ڈسمبر کو’’ نیشنل گڈ گورننس ڈے ‘‘ ( یوم قومی بہترین حکمرانی ) کے طورپر منایا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہ اعلان کیا ہے۔ وہ آج بی جے پی کی ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس سے مخاطب تھے جس میں پارٹی صدر امیت شاہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ تقریب کو بطور یوم بہترین حکمرانی منایا جائے گا۔ اس پروگرام میں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری عہدیدار شریک ہوئے۔ مملکتی وزیر پارلیمانی اُمور مسٹر راجیو پرتاپ روڈی نے میڈیا کے نمائندوں کو یہ اطلاع دی اور بتایا کہ نریندر مودی نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ 25ڈسمبر کو ملک بھر میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت اور اداروں کی کارکردگی کو اُجاگرکریں اور عوام کو یہ بتائیں کہ وہ بہترین حکمرانی کی سمت گامزن ہے۔ پارلیمانی لائبریری بلڈنگ میں اجلاس کے بعد مسٹرروڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں ’ کلین انڈیا مہم ‘ میں حصہ لیں ۔ اس موقع پر بی جے پی صدر امیت شاہ نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں شدت پیدا کریں کیونکہ اب تک صرف 1.1کروڑ ارکان ہی بنائے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی ارکان کی تعداد فی الحال 4کروڑ ہے جس میں10کروڑ تک اضافہ کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے پارٹی صدر نے بتایا کہ دارالحکومت میں تقریباً 2000جلسوں میں بی جے پی کے 200ارکان پارلیمنٹ مخاطب کریں گے۔