وائی ایم سی اے چوراہے پر سڑک حادثہ، ایک شخص ہلاک

حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقے سکندرآباد وائی ایم سی چوراہے پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں لاری کی ٹکر سے سائیکل سوار ہلاک ہوگیا ۔ انسپکٹر ماریڈ پلی مسٹر اے سرینواسلو نے بتایا کہ 50 سالہ ماروتی شنڈے ساکن لالہ پیٹ شانتی نگر سکندرآباد تیولی سنیما تھیٹر کا ملازم کل رات دیر گئے وائی ایم سی اے چوراہے سے گزررہا تھا کہ ایک تیز رفتا اشوک لی لینڈ لاری نے اسے ٹکر دیدی ۔ جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقعہ ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثہ میں ماروتی شنڈے شدید زخمی ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی اور پولیس نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے متوفی کی نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ لاری ڈرائیور حالت نشہ میں تھا اور اس نے بے راہ روی سے گاڑی چلاتے ہوئے سائیکل سوار کو ٹکر دی ہے ۔ اس سلسلے میں لاری ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کرکے لاری ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا ۔