وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی منی گاندھی کی تلگو دیشم میں شمولیت

مزید 11 ارکان تلگو دیشم سے رابطہ میں ، جگن کے من مانی رویہ کے خلاف ناراضگی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی مسٹر منی گاندھی نے آج تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کرلی ۔ تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی تعداد 8 تک پہونچ گئی ہے ۔ مزید 11 وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی تلگو دیشم سے رابطے میں ہے ۔ سربراہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے پارٹی ارکان اسمبلی کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کا جائزہ لینے کے لیے دو دن تک پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی ۔ پارٹی تبدیل کرنے کی وجوہات طلب کی ۔ اجلاس میں موجود 2 ارکان اسمبلی نے ہمت جٹاتے ہوئے جگن موہن ریڈی کو بتادیا کہ ان کا رویہ اور من مانی فیصلے سے پارٹی کے ارکان اسمبلی کو تکلیف ہورہی ہے اور پارٹی میں ارکان اسمبلی و دیگر قائدین کو اظہار خیال کی آزادی نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے ارکان اسمبلی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے مجبور ہورہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ جگن موہن ریڈی نے ان ریمارکس پر دو ارکان اسمبلی سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ ضلع سریکاکولم کی نمائندگی کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی وینکٹ رمنا نے تلگو دیشم میں شامل ہونے کا اعلان کرنے کے اندرون 24 گھنٹے ضلع کرنول کی نمائندگی کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی مسٹر منی گاندھی نے وجئے واڑہ پہونچکر سربراہ تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی بعد ازاں انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ اسمبلی کی ترقی کے لیے وہ حکمران تلگو دیشم میں شامل ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ جگن موہن ریڈی طلب کردہ ارکان اسمبلی کے اجلاس میں جو 13 ارکان اسمبلی غیر حاضر تھے ۔ ان میں مسٹر منی گاندھی بھی شامل ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں ارکان اسمبلی کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے خود جگن موہن ریڈی ذمہ دار ہے ۔ جگن موہن ریڈی کی قیادت پر ارکان اسمبلی کو بھروسہ نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے غیر مشروط طریقہ سے وائی ایس کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی تلگو دیشم میں شامل ہورہے ہیں ۔۔