وائی ایس آرکانگریس کے مزید ارکان اسمبلی کی تلگودیشم میں شمولیت کی اطلاعات

حیدرآباد 31اگست (یواین آئی ) آندھراپردیش کی اصل اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس کے مزید ارکان اسمبلی کی جلد ہی حکمران جماعت تلگودیشم میں شمولیت کی اطلاعات ہیں۔ اس سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ آپریشن آکرش پھر ایک بار سرگرمی کے ساتھ چلایا جارہا ہے ۔حال ہی میں نندیال اسمبلی نشست کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی ناکامی کے بعد وائی ایس آرکانگریس کے 11ارکان اسمبلی کے پارٹی چھوڑتے ہوئے تلگودیشم میں جلد شامل ہونے کی اطلاع ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس آرکانگریس پارٹی کو اس حلقہ کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کا مکمل یقین تھا تاہم اس میں پارٹی کو شکست ہوئی جس سے پارٹی کے ارکان اسمبلی کی کافی حوصلہ شکنی ہوئی ہے تاہم دوسری طرف پارٹی کے سینئر لیڈروں نے اس بات کے امکان کو مسترد کردیا اور کہاکہ یہ حکمران جماعت کا دماغ کا کھیل ہے ۔