پلیسکووا اورووزنیا کی سیمی فائنل میں داخل
میامی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میامی اوپن میں سرفہرست کھلاڑی سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واؤرنکا کو ان کی 32ویں سالگرہ کے دن شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ انہیں جرمنی کے نوجوان کھلاڑی الیگزینڈر زوریوا کے خلاف پہلا سیٹ اپنے نام کرنے کے باوجود 4-6، 6-2، 6-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ الیگزینڈر نے اس کامیابی کے ذریعہ پہلی مرتبہ ماسٹرس 1000 کے کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ علاوہ ازیں آسٹریلین اوپن چمپین راجر فیڈرر، رافیل نڈال اور کائی نشی کوری بھی کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ شکست کے بعد یو ایس اوپن چمپین واؤرنکا نے کہا کہ دوسرے سیٹ کے آغاز پر میں نے ایک گیم میں خراب کھیلا جس کے بعد مقابلہ میرے لئے مشکل ترین ہوگیا۔ مجھے علم ہی نہیں ہوا کہ میں ذہنی اور جسمانی طور پر مقابلے سے کب باہر ہوگیا۔ واؤرنکا نے اعتراف کیا کہ وہ تھک چکے تھے۔ واؤرنکا جنہوں نے گزشتہ ہفتہ انڈین ویلس میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے فائنلس میں رسائی حاصل کی تھی جہاں انہیں فیڈرر کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ دریں اثناء فیڈرر 2017ء میں اپنے شاندار فارم کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی نمبر 14 اسپین کے روبیرٹو باؤٹسٹا اگٹ کے خلاف ایک انتہائی مسابقتی مقابلے میں 7-6(7/5)، 7-6(7/4) سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ چیک جمہوریہ کے کھلاڑی ٹامس برڈک سے ہوگا جنہوں نے اپنے چوتھے راؤنڈ کے مقابلے میں فرانس کے ایڈریان میانرینو کو 6-3،7-5 سے شکست دی۔ فیڈرر نے چوتھے راؤنڈ میں مقابلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے یہ اپنی نوعیت کا مختلف مقابلہ تھا کیونکہ اس میں حریف کھلاڑی کی سرویس تیز نہیں تھی لیکن وہ ایک ایک نشان کے حصول کیلئے آخری لمحہ تک کوشش کررہے تھے۔ رافیل نڈال نے اپنے مقابلے میں فرانس کے نکولاس ماہوت کو 6-4، 7-6(7-4) سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں ان کا مقابلہ امریکی نوجوان کھلاڑی جاک سوک سے ہوگا جنہوں نے ہم وطن جیرڈ ڈونالڈسن کو بہ آسانی 6-2، 6-1 سے شکست دی۔ نڈال جو کبھی اپنے کریر میں میامی خطاب حاصل نہیں کرپائے، وہ اس مقابلے میں اس وقت اپنے حریف پر سبقت حاصل کرلی جب اسکور 5-4 تھا۔ ٹورنمنٹ میں دوسرے مقام کے کھلاڑی جاپان کے نشی کوری نے ارجنٹینا کے فیڈری کوڈیل بونیس کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 4-6، 6-3 سے شکست دی۔ گزشتہ برس فائنل میں نشی کوری کو نوواک جوکووچ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ خاتون زمرہ کے مقابلوں میں دوسرے درجہ کی چیک جمہوریہ کی کھلاڑی کرولینا پلیسکووا کا سیمی فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک ڈین مارک کی کیرولین ووزنیاکی سے ہوگا ۔ پُراعتماد پلیسکووا نے سینئر کھلاڑی مرجانا لوسک برونی کو بہ آسانی 6-3، 6-4 سے شکست دی جبکہ ووزنیاکی نے چیک جمہوریہ کی کھلاڑی لوسی سفارووا کو 6-4، 6-3 سے شکست دی۔