ملبورن /21 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن 2014 ء میں آج اس وقت حیران کن نتیجہ دیکھنے کو ملا جب چار مرتبہ کے چیمپئین سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو سوئزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اسٹانسلس واؤرنکا نے پانچ سٹوں پر مشتمل ایک انتہائی مسابقتی مقابلے میں 2-6، 6-4 ، 6-2 ، 3-6 ، 9-7 سے شکست دیتے ہوئے گذشتہ برس چوتھے راؤنڈ میں منعقدہ ایک پانچ سٹوں پر مشتمل مسابقتی مقابلے میں ہوئی اپنی شکست کا حساب برابر کرلیا ہے ۔ 2014 کے انتہائی شاندار مظاہرے کے ذریعہ واؤرنکا سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں جہاں ان کا مقابلہ چیک جمہوریائی کھلاڑی ٹامس برڈک سے ہوگا ۔ جوکووچ کی نئے کوچ بورس بیکر کی قیادت میں یہ پہلی شکست ہے اور اس طرح متواتر 28 مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے کا اور گذشتہ 3 برسوں سے ملبورن میں ناقابل تسخیر رہنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے ۔
متواتر 15 ویں گرانڈ سلام سیمی فائنل میں رسائی کا امکان اس وقت دکھائی دے رہا تھا جب جوکووچ نے پہلا سیٹ باآسانی اپنے نام کرلیا ۔آخری سیٹ تقریباً دیڑھ گھنٹہ طویل رہا جہاں اہم موقع پر نشانات حاصل کرتے ہوئے واؤرنکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ خاتون زمرہ کے کوارٹر فائنل میں بھی حیران کن نتیجہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب کینیڈا سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ کھلاڑی ایوجینی بوچارڈ نے گذشتہ مقابلہ میں سرینا ولیمس کو شکست دینے والی سابق عالمی نمبر ایک سربیائی کھلاڑی اینا ایوانووچ کو پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود 5-7، 7-5، 6-2سے شکست دیتے ہوئے پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ۔ جہاں ان کا مقابلہ چینی کھلاڑی لی ناسے ہوگا جنہوں نے اپنے کوارٹر فائنل میں اطالوی کھلاڑی فلیویا پیناٹا کو 6-2، 6-2 سے شکست دی ۔لی سیمی فائنل میں خود سے عمر میں 12 برس چھوٹی کھلاڑی سے مقابلے کریں گی ۔
ثانیہ جوڑی کو شکست
ملبورن /21 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک کو اطالوی جوڑی سارا ایرانی اور روبیروٹو ونسی کے خلاف خاتون زمرہ کے ڈبلس کوارٹر فائنل میں بہتر مظاہرہ کے باوجود 2-6، 6-3 ، 4-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ فیصلہ کن سیٹ میں ایک موقع پر ثانیہ جوڑی 4-1 کی سبقت حاصل کرچکی تھی لیکن نمبر ایک جوڑی نے اس موقع پر مقابلے میں واپسی کرتے ہوئے ہندوستانی کھلاڑی کو مایوس کیا ۔