ن19نومبر کو پچاس ہزار کارکنوں کے ہمراہ پرچہ نامزدگی کا ادخال

کوڑنگل میں منعقدہ انتخابی جلسہ میں کانگریس پارٹی امیدوار ریونت ریڈی کا انکشاف

کوڑنگل /16 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آئندہ ماہ منعقد شدنی انتخابات کے سلسلہ میں حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں انتخابی سرگرمیاں بام عروج پر پہونچ چکی ہیں ۔ پارٹی کارکن و قائدین حلقہ اسمبلی کے تمام منڈلس اور مواضعات میں پہونچ کر گھر گھر انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ گذشتہ روز سابق رکن اسمبلی کانگریس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی کوڑنگل و ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے حلقہ اسمبلی کے تمام منڈلوں کوڑنگل کوسگی ، مدور ، دولت آباد اور بمرس پیٹ کا طوفانی دورہ کرتے ہوئے بیشتر مواضعات میں بھی پہونچ کر گھر گھر انتخابی مہم چلائی ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے بعد ازاں کوڑنگل مستقر پر اپنی قیام گاہ کے احاطہ میں کارکنوں کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کوڑنگل کی شان و شوکت اور پہچان کی برقراری کیلئے جہد مسلسل کی چنداں ضرورت ہے ۔ قومی سطح پر کوڑنگل کے نام کی شناخت بنانے کیلئے مقدور بھر کوشش جاری ہے ۔ تمام پارٹی قائدین و کارکنوں سے خواہش ظاہر کی کہ موجودہ اسمبلی انتخابات میں میری بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے سپاہیوں کی طرح جنگی پیمانے پر کام کریں ۔ چیف منسٹر کے سی آر اس علاقہ کیلئے ایک سو کروڑ ہی نہیں بلکہ ایک ہزار کروڑ کا صرفہ بھی کریں تو یہاں کی عوام کو خریدنا ناممکن ہے ۔ اور کہاکہ ٹی آر ایس کو اچھا سبق سکھانے کیلئے ضرورت ہے ۔ موجودہ انتخابات میں کانگریس کے اقتدار پر آتے ہی یہاں کی عوام کو ریاستی سطح پر پہونچے کا موقع دستیاب رہے گا ۔ 2009 میں پہلی مرتبہ میری کوڑنگل آمد پر اس کی عوام نے آنجہانی این وینکٹیا وشوایا نارئنا کی روح کی شانتی کیلئے صرف 14 دنوں میں ہی سات ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنایا ۔ بعد ازاں 2014 میں دوسری مرتبہ 15 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی سے ہمکنار کروایا گیا ۔ موجودہ طور پر تیسری مرتبہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے موقع فراہم کرنے پر قومی سطح پر کوڑنگل کی شناخت بنائی جائے گی ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے مزید انکشاف کیا کہ 19 نومبر کو پچاس ہزار پارٹی کارکنوں کے جمیع غفیر کی معیت میں پرچہ نامزدگی کا ادخال کرتے ہوئے کامیابی کا پرچم لہرایا جائے گا ۔ موصوف نے تمام پارٹی قائدین و ارکین سے خواہش ظاہر کی کہ ہر گھر سے دو افراد کے حساب سے پچاس ہزار کارکنوں کی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر موجود رہیں ۔ اس اجلاس میں پارٹی قائدین مسرز سری رام ریڈی ، تروپتی ریڈی ، جیا کرشنا ، شیوا راج ، وینکٹ راؤ ، حافظ محمد یوسف ، این پرشانت ، بھواپنا ، سبھاش نائیک ، کرشنم راجو وینکٹ رام ریڈی ، راگھوا ریڈی ، راملو اور نریندر وغیرہ نے حصہ لیا ۔