ن 45 منٹ کے اندر چین چھین لینے کے 3 واقعات

حیدرآباد ۔ /25 فبروری (سیاست نیوز) شہر میں اندرون 45 منٹ ایک ہی رہزنوں کی ٹولی نے تین مختلف مقامات پر راہ چلتی خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین اڑا لئے ۔ بوئن پلی پولیس کے بموجب آج صبح 10 بجے تاڑبن چوراہے پر بھارتی نامی خاتون کو سیاہ اسکوٹر پر سوار دو نامعلوم نوجوانوں نے مخالف سمت سے اس کے قریب پہونچ کر اچانک 4 تولے طلائی چین اڑالیا ۔ جبکہ 10.40 پر چلکل گوڑہ علاقہ میں پیش آئے واقعہ میں شوبھاوتی نامی خاتون کے گلے سے اس وقت 7 تولے طلائی چین اڑالی گئی جب وہ اپنے شوہر کو ٹفن دینے کیلئے پدماراؤ نگر میں سڑک عبور کررہی تھی ۔ شوبھاوتی کو بھی سیاہ رنگ اسکوٹر پر سوار رہزنوں نے نشانہ بنایا ۔ اسی طرح نلہ کنٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں 64 سالہ ضعیف خاتون روجا رانی ساکن ودیا نگر کو سیاہ اسکوٹر پر سوار رہزنوں نے 10.45 کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مندر سے پوجا کے بعد مکان واپس لوٹ رہی تھی ۔ مذکورہ تین وارداتوں میں سیاہ رنگ اسکوٹر ٹولی نے خواتین کو نشانہ بنایا ہے اور رہزنی کی وارداتوں کے بعد شہر میں پولیس کو چوکس کردیا گیا ۔