حیدرآباد 26 جولائی ( سیاست نیوز) نیکلس روڈ پر بے ڈھنگی اور تیز رفتار سے موٹر سیکل چلانے والے نوجوانوں کے خلاف پولیس کارروائی کرتے ہوئے 75 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور ان کی گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی ۔ انسپکٹر رام گوپال پیٹ محمد وحید الدین نے بتایا کہ ہفتہ کا آخری دن ہونے کے سبب کئی نوجوان صبح کی اولین ساعتوں میں نیکلس روڈ پر بائیک ریسنگ میں ملوث ہوتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے تھے ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 75 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور ان کی موٹر سیکلیں بھی ضبط کرلی گئی ۔ حراست میں لئے گئے نوجوانوں کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں پر ان کے والدین کی موجودگی میں کونسلنگ کی گئی اور بے ڈھنگے طور پر گاڑی چلانے اور بائیک ریسنگ میں ملوث ہونے کے خطرات سے واقف کروایا گیا ۔ سابق میں بھی رام گوپال پیٹ پولیس نے بائیک ریسنگ میں ملوث ہونے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور سینکڑوں نوجوانوں کو حراست میں لیتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں چالانات بھی کئے گئے ۔ شہر کے مضافاتی علاقہ نارسنگی گنڈی پیٹ میں بھی وہاں کی لیک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا۔