نیکلس روڈ پر بائیک ریسنگ کے خلاف کارروائی

درجنوں نوجوان حراست میں ۔ 102 گاڑیاں ضبط کی گئیں
حیدرآباد۔ 28 فروری (سیاست نیوز) سنٹرل زون پولیس نے نیکلس روڈ ’بائیک ریسنگ‘ کے خلاف خصوصی کارروائی میں 102 بائیکس کو ضبط کرلیا۔ ڈی سی پی سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی کی قیادت میں اے سی پی سیف آباد اور 3 انسپکٹران اور دیگر پولیس عملہ کے ساتھ آج صبح نیکلس روڈ پر خصوصی کارروائی کے دوران بائیک ریسنگ میں ملوث ہونے والے کم عمر نوجوانوں کو حراست میں لیتے ہوئے ان کی بائیکس ضبط کرلیں۔ ضبط شدہ بائیکس میں 20 ریسنگ بائیکس ہیں، 51 بائیکس جنہیں کم عمر نوجوان چلا رہے تھے، اور 31 بائیکس کو عدم دستاویزات کی موجودگی پر ضبط کرلیا گیا۔ پولیس نے آج صبح کارروائی کے دوران ایک ہی موٹر سائیکل پر ٹریپل رائیڈنگ کرنے والے نوجوانوں کو حراست میں لے کر انکے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات 180، 181 اور 184 کے تحت جرمانہ عائد کرکے انکے والدین کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور بعد کونسلنگ انہیں رہا کردیا گیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تفصیلات کو ڈیٹا بینک میں محفوظ رکھا گیا ہے اور مسلسل قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نیکلس روڈ ، این ٹی آر مارگ اور ٹینک بنڈ پر صبح کے اوقات میں چہل قدمی اور سیاحت کرنے والوں کے تحفظ کیلئے اس قسم کی کارروائی وقفہ وقفہ سے کی جائے گی۔