نیکلس جن کے بغیر لباس ادھورا

لباس اور دیگر لوازمات کی طرح زیورات بھی بدلتے فیشن سے متاثر رہتے ہیں۔ نیکلس آپ کے لباس کی خوبصوتی کو تو اجاگر کرتے ہی ہیں لیکن اپنے منفرد ڈیزائنوں کی بدولت کبھی کبھی تو لباس کا ہی حصہ محسوس ہوتے ہیں ۔ مثلا کالر شیپ نیکلس اور لڑیوں والے نیکلس آپ کے آوٹ فٹ پر کچھ اس طرح سج جاتے ہیں کہ ان کے بغیر وہ لباس ادھورا سا محسوس ہوتا ہے ۔ یہ نیکلس بے شمار رنگوں اور ڈیزائنوں میں دستیاب ہوتے ہیں ۔ ان کی اضافی خوبی یہ ہے کہ آپ اپنی شرٹ یاناپ کی مناسبت سے اپنے لئے نیکلس منتخب کرسکتی ہیں ۔ مثلا شرٹ پر کئی لڑیوں والا نیکلس یا بڑے نگینوں والا بولڈ نیکلس اچھا لگتا ہے ۔ اس کے علاوہ کالر والی شرٹ کے ساتھ ایسا نیکلس منتخب کریں جو گردن پر کالر کے عین نیچے فکس ہوجاتے ہیں ۔ کالر کے نیچے سے جھانکتا یہ نیکلس آپ کے لباس کی انفرادیت بڑھانے کا باعث ہوگا۔ اسی طرح وی گلے کے ہمراہ پہننے کیلئے ایسا نیکلس منتخب کریں جو خود بھی وی شیپ ہو اور قمیص کے گلے سے اوپر ہی سجا رہے ۔ یہی نہیں بلکہ آپ سردیوں میں بھی سوئٹرز کے ساتھ خوبصورت لڑیوں والے نیکلس پہن کر اپنے لباس کی شان بڑھا سکتی ہیں ۔