نیٹو کا 13 سالہ مشن ختم، سکیورٹی افغانستان کے حوالے

کابل ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیٹو فورسز نے افغانستان میں 13سالہ فوجی مشن کا خاتمہ کر تے ہوئے ملکی سیکورٹی افغانستان کے سپرد کر دی۔نیٹو فورسز نے کابل میں ایک تقریب میں ملکی سکیورٹی افغان فورسز کے حوالے کی، جن میں ایساف کا پرچم اتار لیا گیا۔ افغانستان میں نیٹو مشن کے کمانڈر جنرل جان کیمبل کا کہنا ہے کہ نیٹو نے افغان عوام کو اندھیروں سے نکال کر انھیں ایک روشن مستقبل کی امید دی۔نیٹو کے سکریٹری جنرل جنزا سٹالٹن برگ نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کی سکیورٹی کی ذمہ داری اب ساڑھے تین لاکھ افغان فوجیوں اور پولیس کے ہاتھ میں ہوگی تاہم افغان فورسز کی مدداور تربیت کے لئے موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق افغانستان میں امریکہ کی قیادت میں نیٹو افواج نے باضابطہ طور پر ملک کی سکیورٹی افغان فورسز کے حوالے کر دی ہے۔نیٹو فورسز نے کابل میں ایک تقریب میں ملکی سکیورٹی افغان فورسز کے حوالے کی۔ 13 سال قبل شروع ہونے والے فوجی آپریشن کا اختتام نیٹو افواج کی جانب سے ملکی سکیورٹی افغان فورسز کے حوالے کرنے سے ہوا ہے۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ نیٹو کے 13 سالہ مشن کی کامیابی کے حوالے سے کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔یکم جنوری سے افغانستان میں نیٹو اور اس کے اتحادی ممالک کا کردار افغان افواج کی تربیت اور مدد تک محدود ہو جائے گا۔