کینبرا ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوساوتھ ویلس نے 2007-08ء کے بعد پہلی مرتبہ شیفلڈ شیلڈ خطاب حاصل کرلیا ہے جیسا کہ کپتان اسٹیواسمتھ اور ان کے ویسٹرن آسٹریلین ہم منصب نے گھریلو کرکٹ کے خطابی مقابلہ کے بارش سے متاثر ہونے کے بعد اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسمتھ کی ٹیم کو مقابلہ صرف ڈرا کرنا ہی کافی تھا جس کے بعد اس ٹیم نے 46 ویں مرتبہ یہ خطاب حاصل کرلیا۔ آج کھانے کے وقفہ کے بعد جب دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کرکٹ آسٹریلیا سے اجازت طلب کی کہ وہ مقررہ وقت سے 4 گھنٹے قبل بارش کی وجہ سے میچ کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس پر انتظامیہ نے انہیں اجازت دی۔ جب کھیل ختم ہوا تو اسمتھ 103 رنز بنا کر ناٹ آوٹ تھے۔
تاج بیگم پیٹ کیخلاف تاج دکن کو شکست
حیدرآباد ۔ 25 مارچ (راست) ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس اسوسی ایشن آف آندھراپردیش کی جانب سے فائیو اسٹار ہوٹلس کے درمیان کھیلے جارہے مقابلہ میں تاج دکن کیلئے فیاض غازی کا آل راونڈ مظاہرہ رائیگاں گیا۔ ویونتا تاج بیگم پیٹ کی جانب سے 201 رنز کے مطلوبہ نشانہ کے تعاقب میں تاج دکن 150 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ فیاض نے 35 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے کے علاوہ جوابی اننگز میں 35 رنز کی اننگز بھی کھیلی ۔ تاہم وہ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکے۔