ماؤنٹ منگنی۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ اے کے بلے بازوں نے ہندستان اے کے خلاف پہلے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اتوار کو جم کر بلے بازی کرتے ہوئے نو وکٹ پر 458 رن بنا کر اپنی پہلی اننگز کا اعلان کر دیا۔ہندستان اے ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا آٹھ وکٹ پر 467 رن بنا کر اعلان کیا تھا۔ ہندستان اے کو اس طرح نو رنز کی برتری ملی اور اس نے اپنی دوسری اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک آٹھ اوور میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 35 رن بنا لیے ہیں۔ہندستان اے کی مجموعی برتری 44 رنز ہو گئی ہے ۔ میچ میں ایک دن کا کھیل باقی ہے اور میچ ڈرا کی جانب گامزن ہو چلا ہے ۔ اسٹمپس کے وقت پرتھوی شا 26 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 33 اور مرلی وجے 22 گیندوں میں دو رنز بنا کر کریز پر ہیں۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ پر 170 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہامش ردرفورڈ نے 100 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ردرفورڈ نے 181 گیندوں کی اننگز میں 17 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ہندوستانی گیند بازوں نے ایک وقت کیوی ٹیم کا اسکور پانچ وکٹ پر 211 رنز کر دیا تھا لیکن وکٹ کیپر ڈین کلیور نے 53، ڈگ بریسویل نے 48، کائل جیمسن نے 30، دسویں نمبر کے بلے باز سے تھرینس نے ناٹ آؤٹ 69 اور آخری بلے باز بلیئر ٹکنر نے ناٹ آؤٹ 30 رنز بنا کر نیوزی لینڈ اے کو ہندستانی ٹیم کے اسکور کے قریب پہنچا دیا۔ہندستان اے کی جانب سے کرشپا گوتم نے 107 رن پر تین وکٹ، دیپک چاھر نے 51 رن پر دو وکٹ اور نودیپ سینی 88 رن پر دو وکٹ لئے ۔