نیوزی لینڈ ۔ ویسٹ انڈیز آج چوتھا ونڈے

نیلسن (نیوزی لینڈ) ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ اور مہمان ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے درمیان 5 مقابلوں کی باہمی سیریز کا چوتھا مقابلہ کل یہاں منعقد شدنی ہے لیکن بارش کی وجہ سے یہ مقابلہ متاثر ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ نیلسن کرکٹ کے صدر ڈیویڈ لیونارڈ نے کہا کہ میں یہاں کے موسم سے فی الوقت خوش نہیں ہوں کیونکہ نیلسن میں بارش عام طور پر نہیں ہوتی لیکن گذشتہ دو دنوں سے بارش کا سلسلہ چل رہا ہے۔ رواں سیریز 1-1 سے مساوی موقف میں آچکی ہے لیکن ویسٹ انڈیز کیلئے آل راونڈر ڈیرن سمی کا زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہونا مہمان ٹیم کیلئے ایک اور مشکلات میں اضافہ ہے۔ کرکٹ شائقین اس مقابلہ میں پھر ایک مرتبہ عالمی ریکارڈ یافتہ کورے اینڈرسن اور جے سی رائیڈر کی برق رفتار بیٹنگ کی توقع کررہے تھے کیونکہ اینڈرسن نے گذشتہ مقابلہ میں 36 گیندوں پر ونڈے کی تیز رفتار سنچری بناتے ہوئے 17 برس قبل پاکستانی آل راونڈر شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑا ہے۔

ظہیرخان کی ممبئی ٹیم میں واپسی
ممبئی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر و تجربہ کار فاسٹ بولر ظہیرخان کی ممبئی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور اس طرح وہ دفاعی چمپیئن ممبئی کیلئے وانکھڈے اسٹیڈیم میں 8 تا 12 جنوری کو منعقد شدنی رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں دستیاب رہیں گے۔ 40 مرتبہ کی چمپیئن ممبئی کو ناک آوٹ مرحلہ میں رسائی کیلئے جدوجہد کرنی پڑی تھی لیکن گجرات کے خلاف آخری مقابلہ میں کرو یا مرو صورتحال کے باوجود اس نے کامیابی کے ذریعہ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔