نیوزی لینڈ ۔پاکستان آج پہلا ونڈے

ویلنگٹن۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)سرد ہوائیں اور شارٹ پچ بولنگ ویلنگٹن میں پاکستانی ٹیم کے استقبال کیلئے تیار ہیں جیسا کہ وہ کل یہاں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا مقابلہ کھیلے گی ۔ پہلے ون ڈے کیلئے تیار کی گئی بیسن ریزرو کی وکٹ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر تیز ترین سمجھی جاتی ہے اور یہاں ٹم ساوتھی، ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن پر مشتمل میزبان بولنگ پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کیلئے کڑا چیلنج ہوگا۔کیوی کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کیخلاف باؤنسرز کا عقلمندی سے استعمال مددگار ثابت ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی وہ اس بات سے بھی واقف ہیں کہ مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن تجربہ کار اور بولنگ میں ہر طرح کی صلاحیت سے آراستہ بولرس موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ الیون کیخلاف آسان وکٹ اور قدرے کمزور کھلاڑیوں کیخلاف ابتدائی ٹور میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کو ویلنگٹن میں 6 جنوری کو پہلے ونڈے کے دوران روایتی سرد ہواؤں کے ساتھ میزبان فاسٹ بولروں کی شارٹ پچ گیندوں کا بھی سامنا کرنا ہو گا۔