ویلنگٹن۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کی شکست ٹالنے میں اہم کردار ادا کرنے والے کُشل مینڈس اور اینجیلو میتھیوز کی اننگز میں بارش نے بھی مہمان ٹیم کا ساتھ دیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے آخری دن صرف 13 اوور کا کھیل ممکن ہو پایا اور میچ کا اختتام ڈرا پر ہوا۔سری لنکا کی دوسری اننگز میں کشل اور میتھیوز میچ کے تیسرے دن بیٹنگ کے لئے میدان پر اترے تھے اور پانچویں اورآخری دن بھی میدان سے ناٹ آؤٹ واپس ہوئے ۔ مینڈس نے325 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 16 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ141 رن اور میتھیوز نے 323 گیندوں کا سامنا کر کے 11 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ120 رن بنا کر میچ ڈرا کراکرہی دم لیا۔ سری لنکا کی ٹیم 479 منٹ تک چلنے والی دوسری اننگز میں جملہ115 اوور تک ہی کھیل سکی اور اس نے تین وکٹ کے نقصان پر287 رنز بنائے ۔ سری لنکا کے ان دونوں بیٹسمینوں نے نیوزی لینڈ کے بولروں کے صبر کا بھی پورا امتحان لیا جس میں ٹم ساؤتھی52 رنز پر دو اور ٹرینٹ بولٹ62 رنز دے کر ایک وکٹ ہی لے سکے ۔ نیل ویگنر کو100 رن پر کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ میچ کے آخری دن اس نے اپنی اننگز کا آغاز کل کے تین وکٹ پر259 رنز سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا۔ اس وقت مینڈس116 اور میتھیوز117 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ۔ دونوں نے دوبارہ سے اپنی اننگز آگے بڑھائی اور پانچویں دن بھی اسی سست رفتاری سے رنز حاصل کرتے ہوئے چوتھے وکٹ کے لئے 274 رن کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی۔دن کے باقی وقت میں نیوزی لینڈ وکٹ لے سکتا تھا لیکن بارش نے میچ کو وقت سے کافی پہلے ختم کروا دیا جس سے سری لنکا کی شکست ٹل گئی اور میچ ڈرا ہو گیا۔ دونوں ٹیمیں اب26 دسمبر کو ہیگلے اوول میں دوسرے اورآخری میچ میں مدمقابل ہوں گی۔