نیوزی لینڈ کے کرکٹرز ڈے ؍ نائٹ ٹسٹ میچ کے مخالف

ویلنگٹن ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ پلیئرز اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس سال دورۂ آسٹریلیا کیلئے نیوزی لینڈ کے کرکٹ کھلاڑی مجوزہ ڈے نائٹ ٹسٹ میچوں کے خلاف ہیں۔ کھلاڑیوں کا خدشہ ہے کہ اس سے کھیل کی اہمیت کم ہوجائے گی۔ نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق گلابی گیند کا استعمال کرتے ہوئے مصنوعی روشنیوں میں ڈے نائٹ کرکٹ کا خیال ’کرکٹ آسٹریلیا‘ نے پیش کیا ہے، اور اب وہ یہی انداز پانچ روزہ کرکٹ میچوں میں اپنانا چاہتے ہیں تاکہ ’پرائم ٹائم‘ میں ٹی وی ناظرین کرکٹ میچوں سے محظوظ ہوسکیں۔ تاہم پلیئرز اسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ہیتھ ملز کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس خیال کے بارے میں شک کا اظہار کرتی ہے۔ انھوں نے بتایا: ’’چند ماہ قبل ہمیں نیوزی کرکٹ کی جانب سے اس بارے میں کھلاڑیوں کے خیالات جاننے کا کہا گیا تھا، ہمارے سروے میں یہ نتائج سامنے آئے ہیں کہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کے حق میں نہیں ہے۔‘‘ نیوزی لینڈ دورۂ آسٹریلیا کے دوران تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گا، جبکہ اڈیلیڈ ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کی میزبانی کی دوڑ میں سرفہرست ہے۔