ویلنگٹن ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے کین ولیمسن کی قیادت میں تین اسپنروں سمیت 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کی پچوں کے پیش نظر ٹیم میں تین اسپنرز ناتھن مکلم، مچل سینٹنر اور ایش سودھی کو شامل کیا ہے جبکہ برینڈن مکلم کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ولیمسن کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی قیادت کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ کیوی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ہندوستان کے حالات کومدنظر رکھتے ہوئے تین سرفہرست اسپنروں کو منصوبے میں شامل کیا گیا اور یہ تینوں کچھ مختلف کردکھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ناتھن کی ٹیم میں واپسی پر خوشی ہے اور ان کا دوسرے ملکوں میں کھیلنے کا وسیع تجربہ قیمتی ثابت ہوگا۔ پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران اَن فٹ ہونے والے تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر، فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی اور آل راؤنڈمچل مک کلینگن کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ تینوں کھلاڑی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک ممکنہ طورپر فٹ ہوں گے۔ کیوی ٹیم میں نئے کھلاڑی ہنری نکولس کو لیوک رونچی کے ساتھ متبادل وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ مٹ ہنری کو دیگر چار فاسٹ بولرز کے ساتھ ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے معلنہ نیوزی لینڈ کا اسکواڈ یوں ہے: کین ولیمسن (کپتان)، کورے اینڈرسن، ٹرنٹ بولٹ، گرانٹ ایلیٹ، مارٹن گپٹل، ایڈم ملنے، مچل مک کلینگن، کولن منرو، ناتھن مکلم، ہنری نکولس، لیوک رونچی، مچل سینٹنر، ایش سودی، ٹیم ساؤتھی اور راس ٹیلر۔