گپٹل اور ولیمسن کا بہترین مظاہرہ، مہمانوں کے بھاری اسکور کا موثر جواب
آکلینڈ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے خلاف آکلینڈ میں آج کھیلے گئے سنسنی خیز تیسرے ونڈے انٹرنیشنل میچ میں مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کی ریکارڈ ساجھیداری نے نیوزی لینڈ کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کردیا جبکہ کھیل کے اختتام کے لئے مزید دو گیند باقی تھے۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں تین وکٹ سے کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف صفر کے مقابلے دو سے یہ سیریز بھی جیت لیا۔ قبل ازیں مہمانوں نے جیت کیلئے 291 ان کا ہدف مقرر کیا تھا جس کے جواب میں میزبانوں نے انتہائی لڑکھڑاتی اننگز کا آغاز کیا۔ اس کے اوپنر برنڈن مک کلم پہلی ہی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ لیکن گپٹل اور ولیمسن نے 159 رن کی رفاقت کے ساتھ اپنی ٹیم کو سنبھال لیا۔ دوسرے وکٹ کی ساجھیداری میں ان دونوں کھلاڑیوں کا یہ مجموعی اسکور نیوزی لینڈ کیلئے ایک نیا ریکارڈ بھی ہے۔ 50 اوورس کے اس میچ کو بارش کے سبب 43 اوورس تک محدود کردیا گیا تھا۔ بوندا باندی کے سبب کافی دیر تک کھیل روک دیا گیا تھا جس کے دوبارہ آغاز کے بعد نیوزی لینڈ نے 45 گیندوں میں 53 رن بنانے کے ہدف کا تعاقب کیا اور اس وقت یہ نشانہ حاصل کرلیا جبکہ دو گیند باقی تھے۔ ایک مرحلہ پر نیوزی لینڈ کی ٹیم غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی جب اس کو 27 گیندوں میں 38 رن درکار تھے کہ کوری اینڈرسن بظاہر کیچ آئوٹ ہوگئے لیکن امپائر نے انہیں ناٹ آئوٹ قرار دیا۔ ونڈے میچوں کی سیریز میں کامیابی نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لئے موسم گرما کے کھیلوں کو سازگار بنادیا جس میں انہیں پاکستان کے خلاف ٹی۔20 سیریز میں ایک کے مقابلے دو سے کامیابی حاصل کی۔قبل ازیں سری لنکا کی ٹیم کے خلاف ٹسٹ ونڈے اور ٹی۔20 سیریز میں بھی اس کو کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان کے کپتان اظہر علی (3) نے ابتداء میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو آئندہ میں فائدہ مند بھی ثابت ہوا۔ بابر اعظم (83 ) اور محمد حفیظ (76) نے اپنی ٹیم کے اسکور کو 207/3 تک پہنچادیا تھا لیکن حفیظ کے آئوٹ ہونے کے بعد چھ کھلاڑی صرف 63 رن کے اضافہ کے ساتھ آئوٹ ہوگئے۔ اس طرح پاکستان کی اننگز 290 رن پر آئوٹ ہوگئی جبکہ کھیل ختم ہونے کے لئے 15 گیند باقی تھے۔ کمر کے درد سے متاثر نیوزی لینڈ کے میک کلم کی واپسی مایوس کن رہی جو ان کے کھیل کے آغاز کے بعد محمد عامر کی پہلی ہی گیندر پر کسی رن کے بغیر آئوٹ ہوگئے۔