کیپ ٹاؤن۔ 5اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ڈیل اسٹین اور اے بی ڈی ویلیئرز کو ٹیم میں شامل کرتے ہوئے دورہ بنگلہ دیش میں ناقص فارم پر نوجوان کوئنٹن ڈی کوک کو ٹیم سے خارج کردیا ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ میں 19 تا 26 اگست تک تین ونڈے میچوں کی سیریز کے بعد دو ٹوئنٹی20 میچز بھی کھیلے گی۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں آرام کا موقع دیے جانے کے بعد ڈیل اسٹین اور ورنن فلینڈر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بچے کی پیدائش کے باعث چھٹیوں پر جانے والے ونڈے ٹیم کے قائد ڈی ویلیئرز کا ساتھ بھی میزبان ٹیم کو حاصل ہو گا۔ لیکن ونڈے میچوں کی سیریز کے دوران جنوبی افریقہ کو جین پال ڈومینی اور مورنے مورکل کا ساتھ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ دونوں کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ دورہ بنگہ دیش میں ناقص کارکردگی کا خمیازہ ڈی کوک کو اسکواڈ سے خارج ہونے کی صورت میں بھگتنا پڑا اور انہیں فارم کی بحالی کیلئے جنوبی افریقی اے ٹیم کے ساتھ دورہ ہندوستان پر بھیجا گیا ہے
۔ان کی جگہ 36 سالہ مورنے وین وائیک کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اپنا آخری ونڈے میچ 2011 میں کھیلا تھا لیکن وہ اس سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے ٹوئنٹی20 میچ میں ٹیم کا حصہ تھے۔ اسی طرح عمران طاہر کو ونڈے میچوں میں ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے لیکن ٹوئنٹی20 میں بنگلہ دیش کے خلاف متاثر کن کریر کا آغازکرنے والے ایڈی لی کو ان پر فوقیت دی گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹوئنٹی20 میچ 14 اگست کو ڈربن میں ہو گا جبکہ دو دن بعد دوسرا ٹوئنٹی20 پریٹوریا میں کھیلا جائے گا۔ دونوں طرز کی کرکٹ کیلئے جنوبی افریقی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ونڈے ٹیم: اے بی ڈی ویلیئرز(کپتان)، مورنے وین وائیک، ہاشم آملا، فاف ڈیو پلیسی، فرحان بہاردین، ڈیوڈ ملر، رلی روسو، کگیسو ربادا، کائل ایبٹ، آرون فنگیسو، عمران طاہر، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ویز اور ورنان فلینڈ۔ ٹوئنٹی20 ٹیم : فاف ڈیو پلیسی(کپتان)، ہاشم آملا، مورنے وین وائیک، اے بی ڈیلیئرز، فرحان بہاردین، ڈیوڈ ملر، جے پی ڈومینی، رلی روسو، کگیسو ربادا، کائل ایبٹ، آرون فنگیسو، ایڈی لی، مورنے مورکل اور ڈیوڈ ویز۔