نیوزی لینڈ کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں 2-0 سے کامیابی

دوسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 میں بھی ویسٹ انڈیز کو شکست ، رونچی کا عمدہ مظاہرہ
ویلنگٹن۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وکٹ کیپر بیٹسمین لیوک رونچی کی طوفانی نصف سنچری سے نیوزی لینڈ نے چہارشنبہ کو یہاں دوسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹس سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کیا۔ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش رام دین ( 31 گیند پر ناٹ آوٹ 55 رنز ) اور آندرے فلیچر ( 36 گیند پر 40 رنز ) کے ساتھ ان کی پانچویں وکٹ کے لئے 70 رنزکی ساجھیداری کی مدد سے 5 وکٹ پر 159 رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کا اسکور ایک وقت 5 وکٹس پر 79 رن تھا لیکن رونچی نے 28 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 51 رنز بنائے جس سے ان کی ٹیم 19 اوورس میں 6 وکٹ پر 163 رنز بنا کر ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز سے پہلے حوصلہ بڑھانے والی جیت درج کرنے میں کامیاب رہی ۔

نیوزی لینڈ نے آکلینڈ میں پہلا ٹوئنٹی 20 میچ 81 رنز سے جیتا تھا ۔نیوزی لینڈ نے پہلے اوور میں ہی مارٹن گپٹل ( 1 ) کا وکٹ گنوا دیا ۔ جیسی رائیڈر ( 23 ) اور کپتان برینڈن میک کولم ( 17 ) بھی کچھ بہترین شاٹس کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔ کولن منرو ( 5 ) اور کوری اینڈرسن ( 6 ) کے آؤٹ ہونے سے نیوزی لینڈ بحران میں آگئی لیکن راس ٹیلر (39) اور رونچی نے چھٹی وکٹ کے لئے 68 رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچایا ۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے آندرے رسل ، سنیل نارائن اور جیسن ہولڈر نے دو دو وکٹ لئے ۔

نیوزی لینڈ نے اس طرح سے اس سیریز میں اپنا دبدبہ برقرار رکھا ۔ اس نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-0 سے کامیابی حاصل کی جبکہ پانچ میچوں کی ونڈے سیریز 2-2 سے برابر کی تھی۔اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کا اسکور ایک وقت 4 وکٹ پر 67 رنز تھا ۔ اس کے بعد رام دین اور فلیچر نے ٹیم کو خاطر خواہ اسکور تک پہنچایا ۔ رام دین نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور اتنے ہی چھکے لگائے ۔رام دین اور فلیچر کے علاوہ اوپننگ بیٹسمین لیڈل سیمنس نے 29 رنز کی شراکت داری نبھائی ۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں گنوا دی۔ تیز گیند باز ایڈم ملان نے جانسن چارلس ( 7 ) کی شکل میں کیوی ٹیم کو یہ کامیابی دلائی ۔ملان نے اس کے بعد چیڈوک وولٹن کو کھاتہ بھی کھولنے نہیں دیا جبکہ میشل میک لینگن نے سیمنس کو ڈیپ مڈ وکٹ پر کیچ کرادیا۔ نیتھن میک کولم نے کپتان ڈیون بروو کو بولڈ کرکے کیوی ٹیم کو مصیبت میں ڈال دیا۔ میلان سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے محض 22 رنز دے کر دو وکٹس حاصل کرلئے۔