نیوزی لینڈ کی لیڈز ٹسٹ میں فتح ممکن انگلینڈ چوتھی اننگز میں پریشان

لیڈز ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کے خلاف سیریز مساوی کرنے والی فتح ممکن نظر آرہی ہے کیونکہ آج ہیڈنگلے میں دوسرے ٹسٹ کے پانچویں روز دوسرے سیشن کے دوران مہمانوں نے السٹیر کک کی ٹیم کے 8 وکٹیں گرا دیئے۔ تادم تحریر میزبانوں نے 455 کے ٹارگٹ پر 193/8 اسکور کئے جبکہ 37 اوورز کا کھیل باقی ہے۔ قبل ازیں انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں 44/0 سے آگے کھیلتے ہوئے لنچ تک 102/5 تک گھٹ گیا تھا۔ وقفے کے بعد کیپٹن کک نے اپنی ہاف سنچری مکمل کی لیکن 56 کے انفرادی اسکور پر پارٹ ٹائمر کین ولیمسن (2/3) کا شکار ہوگئے، جنھوں نے بین اسٹوکس (29) کو بھی پویلین لوٹایا۔ میزبانوں نے دو میچ کی سیریز کا پہلا ٹسٹ گزشتہ ہفتے لارڈز میں 124 رنز سے جیتا تھا۔ جاریہ میچ بارش سے متاثر ہوا، بالخصوص کل چوتھے روز بارش کے سبب کافی اوورز ضائع ہوگئے تھے۔