نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی فاسٹ بولر محمد عامر کو کلین چٹ
لاہور۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف 3ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچس کے لئے پاکستان ٹیم 10 جنوری کو کراچی سے براہ دبئی ،نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔دورہ نیوزی لینڈ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے ،جبکہ نیوزی لینڈکے خلاف 3ٹی ٹوئنٹی میچس اور 3ونڈے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان گزشتہ روز کردیا گیا۔اسکوڈ کی خاص بات محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت ہے،تاہم ان کی نیوزی لینڈ روانگی میں ویزا کلیئرنس حائل ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ پرامید ہے کہ نیوزی لینڈ ایمبیسی سے پیر یا منگل کے روز عامر کے حوالے سے کوئی جواب آجائے گا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 15 جنوری جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز 25 جنوری سے ہوگا،جس کیلئے پاکستانی اسکواڈ 10 جنوری کی صبح کراچی سے روانہ ہوگا۔دریں اثناء موصولہ اطلاع کے بموجب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے بعد اب نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی فاسٹ باولر محمد عامر کو کلین چٹ دے دی ہے، کہا کہ عامر کی نیوزی لینڈ آنے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق 5 سال کی پابندی کے بعد محمد عامر تیزی سے قومی ٹیم میں شامل ہونے کے قریب ہیں۔ پاکستان میں تو سب ہی عامر کو دوبارہ کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ میں بھی ان کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سی ای او ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے نیوزی لینڈ آنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ عامر آئی سی سی سے کلیئر ہیں اس لئے انہیں کرکٹ سے نہیں روکا جاسکتا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ میڈیا بھی نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے خاصہ اشتیاق رکھتا ہے۔