آکلینڈ۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مینس ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایس کے اتھپا کے 2 گولس کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ میزبان ٹیم کے خلاف ہندوستانی ٹیم کی یہ لگاتار دوسری کامیابی تھی۔ دونوں ٹیموں نے آج کے کھیل میں پہلے کوارٹر کے دوران ایک دوسرے پر سبقت بنانے کی سخت جدوجہد کی لیکن کل کی کامیابی سے بلند حوصلہ ہندوستانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پانچویں منٹ میں ایس وی سنیل نے نکن تھمیا کو گیند پاس کیا جس کی مدد سے کرناٹک کے اتھپا نے اس پاس کو گول میں تبدیل کردیا۔ اس طرح ہندوستان نے میزبان نیوزی لینڈ پر صفر کے مقابلہ ایک گول سے سبقت حاصل کرلی۔ بعدازاں ہندوستان نے گیند کو اپنے قبضہ میں رکھتے ہوئے میزبانوں پر دباؤ برقرار رکھا چنانچہ نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف دفاعی موقف اختیار کرنے پر مجبور رہی لیکن اس مرحلے میں مزید کوئی گول نہ بننے کے سبب ہندوستان کو صفر کے مقابلہ ایک کی سبقت برقرار رہی۔ ہندوستانیوں نے دوسرے کوارٹر میں بھی اپنی جدوجہد جاری رکھی لیکن بدقسمتی سے مزید کوئی گول نہیں بناسکے اور پہلے نصف کا اختتام بھی صفر کے مقابلے ایک پر ہوا۔ تیسرے کوارٹر میں اتھپا کی مدد سے ہندوستان نے مزید ایک گول بنالیا جس کے ساتھ ہی انہیں حریفوں پر صفر کے مقابلے 2 گول سے سبقت حاصل ہوگئی، تاہم تیسرے کوارٹر کے اختتام سے چند سیکنڈس قبل ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا لیکن اس کو گول میں تبدیل نہیں کیا جاسکا۔ آخری کوارٹر میں نیوزی لینڈ کو بھی ایک پنالٹی کارنر ملا لیکن پی آر سریجیش نے اس کو گول بنانے سے بچالیا، تاہم گول کا کھاتہ کھولنے پر مصر نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو 57 ویں منٹ میں کامیابی ملی جب اسٹیفن جینس نے گول بنالیا ۔ اس طرح یہ مقابلہ 1-2 پر پہونچ گیا۔ بعدازاں کوئی بھی ٹیم گول نہیں بناسکی اور بالآخر ہندوستان کو میزبان حریفوں کے خلاف لگاتار دوسری کامیابی حاصل ہوگئی۔ دونوں ٹیموں کے مابین آئندہ مقابلہ 6 اکتوبر کو نیلسن میں ہوگا۔