نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا امکان نہیں

لاہور۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹسٹ مقابلوں پرمشتمل سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کل کیا جا ئے گا۔آسٹریلیا کے خلاف کلین سوئپ کرنے والی ٹیم میں ردوبدل کیلئے سلیکٹرس مشاورت میں مصروف ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہلے ٹسٹ میں 9نومبر کوابو ظہبی کا شیخ زید اسٹیڈیم میںآمنے سامنے ہوں گی۔دریں اثناء ٹیم پاکستان جس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے‘اس میں برائے نا م ہی تبدیلی ہو گی،لیکن سلیکٹرس اس کیلئے مشورے کر رہے ہیں ۔ چیف سلیکٹر معین خان کا خیال ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین روزہ میچ اور مشاورت کے بعد حتمی ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حیران کن امر یہ ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کلین سویپ کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹسٹ اسکواڈ تو پہلے ہی 16 بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔تمام کھلاڑی مکمل فٹ بھی ہیں جنہیں کھیلنے کا موقع ملا ۔ سوال یہ ہے کہ سلیکٹرس مشاورت کس نام پر کر رہے ہیں۔ کیا انہوں نے کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنا ہے یا جنہیں موقع نہیں ملا انہیں کھلائے بغیرہی خارج کرنے کا ارادہ ہے ،یا پھر 48 رنز اور چار وکٹیں لینے والے محمد حفیظ کے نام پر بحث ہونی ہے؟