نیوزی لینڈ کیخلاف بہتر مظاہرہ کے لئے ویڈیوز تجزیہ کا سہارا

کراچی ۔یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کر کٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے کھلاڑیوں کو موسم اور وکٹ سے ہم آہنگ کر نے کے لئے پریکٹس شروع کردی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آکلینڈ سے نیلسن پہنچ کرٹریننگ کاآغاز کیا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے بھی ٹیم کے ساتھ ہوگئے ہیںجو رخصت پر تھے۔ 3 جنوری کونیوزی لینڈ الیون سے وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔ونڈے سیریز سے قبل کوچز نے اپنی توجہ بیٹنگ پرزیادہ مر کوز کی ہے اور جنہیں وڈیو تجزیہ کار ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندارکارکردگی پیش کرنے والے ٹرینٹ بولٹ اور دیگر کیویز فاسٹ بولروں کی وڈیوز دکھائیں گے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ اوراچھال لیتی وکٹوں کے پیش نظربیٹسمینوں کی تیکنیک میں بہتری لائی جائے گی اور چھوٹے میدانوں میں اسٹروکس لگانے کی پریکٹس کروائی جائے گی۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور سیریز میں خوب سے خوب ترکارکردگی دکھانے کے لئے تیار ہیں اور ٹیم اپنی چیمپئنز ٹرافی سے جاری فتوحات کا سفرجاری رکھنے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔