ملبورن۔28مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 2015ء کا فائنل کل یہاں ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں میزبان آسٹریلیا اور مشترکہ میزبان نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جو کہ کرکٹ دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ ہوگا ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 11ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میں پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جب کہ آسٹریلیائی ٹیم 4خطابات حاصل کرنے کے علاوہ 1975ء سے لیکر اب ساتویں مرتبہ فائنل کھیلنے کیلئے تیار ہیں ۔ میزبان ٹیم اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ خطاب حاصل کرنے کی خواہاں ہے بلکہ اس مقابلہ کے بعد ونڈے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے کپتان مائیکل کلارک کو ایک شاندار وداعی مقابلہ دینے کی خواہاںہے ۔ نیوزی لینڈ کے لئے یہ پہلا بڑا موقع ہے کہ وہ ورلڈ کپ کا اعزاز اپنے سر سجائے کیونکہ آخری مرتبہ اس نے 2000ء میں نیروبی میں منعقدہ آئی سی سی چمپئنس ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر آئی سی سی کا ایک بڑا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ نیوزی لینڈ جس نے رچرڈ ہیڈلی ‘ گلین ٹرنر‘ مارٹن کرو اور اسٹیفن فلیمنگ کے علاوہ کئی اہم اور شاندار کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پرمتعارف کیا لیکن اسے کبھی عالمی چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل نہیں ہوا ہے ۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم جسے رواں ورلڈ کپ کے گروپ مرحلہ کے مقابلہ میں سنسنی خیز مقابلے اور شاندار مظاہرے کے باوجود شکست برداشت کرنی پڑی ہے ‘ وہ اس شکست کا حساب برابر کرتے ہوئے پانچویں مرتبہ عالمی چمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔
آسٹریلیا نے سب سے پہلے ایلن بارڈر کی قیادت میں ورلڈ کپ حاصل کیا تھا جس کے بعد اسٹیووا ٹیم کے کامیاب کپتان ثابت ہوئے ‘ بعد ازاں رکی پونٹنگ نے دو مرتبہ آسٹریلیائی ٹیم کو چمپئن بنواتے ہوئے ورلڈ کپ کے کامیاب ترین کپتان قرار پائے ہیں ۔ مائیکل کلارک جورکی پونٹنگ کی قیادت میں بحیثیت نائب کپتان ورلڈ کپ کامیابی کا مزہ چکھ چکے ہیں وہ اس مرتبہ بحیثیت کپتان ٹیم کوعالمی چمپئن بنانے کے خواہاں ہیں۔ برنڈن مکالم کی زیرقیادت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں اپنے گھریلو میدانوں میں منعقدہ تمام مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہے جس میں طاقتور جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف سنسنی خیز سیمی فائنل بھی شامل ہیں ۔دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم جسے نیوزی لینڈ کے خلاف گروپ مرحلہ کے مقابلہ میں شکست ہوئی ہے اس کے باوجود اس نے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن ہندوستان کو یکطرفہ مقابلہ میں شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ۔ دونوں ہی ٹیموں کا بیٹنگ شعبہ اور بولنگ شعبہ بہتر مظاہرہ کررہا ہے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے 15.76کی اوسط سے ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ 21وکٹیں حاصل رکھی ہے جب کہ آسٹریلیائی بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل اسٹارک 10.20کی اوسط سے 20وکٹیں حاصل کرتے ہوئے دوسرے مقام پر موجود ہیں ۔ کلارک کیلئے ونڈے کریئر میں 8ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 93رنز درکار ہیں ۔ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ آسٹریلیا کیلئے کافی بہتر ریکارڈ کا حامل میدان ہے جیسا کہ 2012ء سے یہاں منعقدہ گذشتہ 6مقابلوں میں وہ ناقابل تسخیر رہا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے ٹاپ آرڈرس بیٹسمینوںاور بولروں کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے ۔
مقابلہ کا آغاز
٭ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ملبورن میں فائنل مقابلہ کا آغازمقامی وقت کے اعتبار سے 2.30بجے شروع ہوگا جب کہ ہندوستان میں یہ مقابلہ صبح 9بجے شروع ہوگا ۔
وکٹ کا برتاؤ
٭ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ کی ورکٹ پر اُچھال موجود رہے گا ‘ تاہم اس وکٹ سے بولروں کو زیادہ سوئنگ نہیں ملے گی جس کی بنیاد پر امید کی جارہی ہے کہ اس وکٹ پر ایک بڑا اسکور بنایا جاسکتا ہے ۔
موسم
٭محکمہ موسمیات نے فائنل کیلئے ایک بہتر موسم کی پیش قیاسی کی ہے اور فائنل کے دن بارش کے کوئی امکانات موجود نہیں ہے اس کے باوجود آئی سی سی کی جانب سے فائنل کیلئے محفوظ دن بھی موجود ہے۔
کلارک اور ویٹوری
کا آخری مقابلہ
٭آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک کا یہ آخری ونڈے مقابلہ ہوگا جب کہ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور بائیں ہاتھ آف اسپنر ڈینل ویٹوری بھی اپنے طویل ترین کریئر کا آخری مقابلہ کھیل رہے ہیں ۔ کلارک نے تاحال 244مقابلوں میں 44.42اوسط سے 7907رنز اسکور کئے ہیں۔