ویلنگٹن۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے 15 سال بعد اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے حوالے سے غور و فکر شروع کر دیا ہے۔کیویز بورڈ کے ترجمان رچرڈ بروک کے مطابق ہندوستان میں ہوئے آئی سی سی کے آخری اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت کی درخواست ملی ہے جس پر غور کر رہے ہیں، تاہم نومبر میں مجوزہ سیریز یو اے ای میں ہی کھیلی جائے گی۔ دورہ پاکستان کے لئے حکومت، کھلاڑیوں اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں سے بات چیت کی جائے گی اور اس کے بعد اس درخواست کا جواب دیا جائے گا۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 2002 میں کراچی میں ہوٹل کے باہر بم دھماکے کے بعد آخری ٹسٹ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی تاہم کیویز ٹیم 2003 میں ونڈے سیریز کیلیے واپس آئی تھی جس کے بعد کیویز ٹیم نے پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا۔ اب رواں سال نومبر میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹسٹ اور ونڈے سیریز ہے۔