نیوزی لینڈ کا انڈیا کو ٹسٹ ٹور، کیوی اسکواڈ کا اعلان

ویلنگٹن ، 6 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے تین ٹسٹ کیلئے ہندوستان کا اِس ماہ کے اواخر شروع ہونے والے ٹور کیلئے آل راؤنڈر جمی نیشم کو واپس طلب کرلیا اور آؤٹ آف فام مارٹن گپٹل کو 15 رکنی اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔ نیشم انجری کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے غیرحاضری پر مجبور ہوئے تھے۔ گپٹل گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹسٹ میں کچھ خاص بیٹنگ نہیں کرپائے حالانکہ لمیٹیڈ اوورز میں وہ غضب کے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اوپنر کا ونڈے میچز میں اوسط 43.25 لیکن ٹسٹ کرکٹ میں 29.59 کا معمولی اوسط ہے اور شاید عالمی نمبر دو انڈیا کے خلاف انھیں مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نیوزی لینڈ ٹسٹ میچز کانپور، کولکاتا اور اندور میں کھیلے گا، جس کے بعد انڈیا کے خلاف پانچ میچ کی ونڈے سیریز ہوگی۔
اسکواڈ : کین ولیمسن (کیپٹن)، ٹرنٹ بولٹ، ڈگ بریسویل، مارک کریگ، مارٹن گپٹل، ٹام لاتھم، جمی نیشم، ہنری نکولز، لوک رونکی، مچل سینٹنر، ایش سوڈھی، ٹم ساؤدی، راس ٹیلر، نیل واگنر، برائن واٹلنگ۔