آکلینڈ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز کے لئے ٹیم کا اعلان کیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کے سیلکٹروں نے گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے آل راؤنڈر ڈیرل مشیل اور فاسٹ بولر بلیئر ٹکنر کو موقع دیتے ہوئے ٹیم میں شامل کیا ہے ۔گھریلو ٹیم نارتھرن ڈسٹرکٹ کے آل راؤنڈر مشل کو ٹی20 سیریز کے تینوں میچوں کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹکنر کوفاکی فرگیوسن کی جگہ صرف آخری ٹی20 میچ کے لئے ہی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔دونوں ہی کھلاڑی گھریلو کرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ کو اس سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔ ہندوستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 6 فروری کوویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ 8 فروری کوآکلینڈ میں سیریزکا دوسرا میچ جبکہ10 فروری کو ہیملٹن میں سیریز کے آخری میچ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹیم اس طرح ہے :کین ولیمسن (کپتان)، ڈگ بریسویل، کولن ڈی گرینڈھوم، لکي فرگیوسن مارٹن گپٹل، اسکاٹ کیگلین، ڈیرل مشیل، کالن منرو، مشیل سینٹنر، ٹم سیفورٹ (وکٹ کیپر)، ایش سوڈھی، ٹم ساؤتھی ، راس ٹیلر، بلیئر ٹکنیر۔