ہندوستان ٹور پر جملہ 6 میچ کھیلے گا ۔ 2 اکٹوبر کو نیوزی لینڈ اے کیخلاف پہلا مقابلہ
نئی دہلی ۔ 23 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )سردار سنگھ نیوزی لینڈ کے ٹور پر 21 رکنی ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ یہ دورہ 2 تا 11 اکٹوبر مقرر ہے جس کے دوران آکلینڈ ، نیلسن اور کرائسٹ چرچ میں مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان اس ٹور میں جملہ 6 میچس کھیلے گا ۔ ابتدائی دو مقابلے نیوزی لینڈ اے کے مقابلے ہوں گے جبکہ بقیہ 4 مقابلے نیوزی لینڈ کے نیشنل اسکواڈ کے خلاف کھیلے جائیں گے ۔ 21 رکنی اسکواڈ کا انتخاب یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں ڈائرکٹر ہائی پرفارمینس اور مینس ٹیم کے چیف کوچ رولینٹ اولٹمینس کی نگرانی میں تیاری کیمپ کے بعد ہوا ہے ۔ اس کیمپ کے دوران ٹیم نے پاسیس اور پنالٹی کارنرس کو گول میں تبدیل کرنے کی سخت مشقت کی ۔ اولٹمینس نے کہاکہ گزشتہ دو ہفتہ میں ٹیم نے آپس میں تال میل اور پاسیس جیسے شعبوں میں کام کیا ہے ۔ ہمارا مقصد رہا کہ ڈی میں رہتے ہوئے گیند کو زیادہ سے زیادہ گول میں پہنچانے کی کوشش کی جائے اور ایسے مواقع ضائع نہ ہونے پائے ۔ کوچ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ گول کیپرس کا جنوبی افریقہ کے ڈیو اسٹانیفورتھ کی نگرانی میں ثمرآور سیشن رہا ۔ کوچ نے کہا کہ لڑکوں نے کیمپ میں کافی محنت کی اور وہ اس ٹورنمنٹ کے منتظر ہیں۔ اُن کا اعتماد بلند ہے اور وہ مثبت انداز میں سوچ رہے ہیں ۔ نیز اسٹانیفورتھ نے بھی تین ہفتہ کے کیمپ میں گول کیپنگ پر کافی محنت کی اور ہندوستانیوں کو بہتر بنایا ہے۔ ہندوستان نیوزی لینڈ اے کے خلاف اپنا پہلا میچ آکلینڈ میں 2 اکٹوبر کو کھیلے گا ۔ اسکواڈ : گول کیپرس : پی آر سری جیش ( وائس کیپٹن ) ، ہرجوت سنگھ ۔
ڈیفنڈر : بریندر لاکڑا ، کوتھا جیت سنگھ ، وی آر رگھوناتھ ، جسجیت سنگھ کولر ، روپیندر پال سنگھ ، گرجیندر سنگھ ۔
مڈفیلڈر : سردار سنگھ ( کیپٹن ) ، سی سنگھ ، ایس کے اُتھپا ، ستبیر سنگھ ، دیویندر والمیکی ، من پریت سنگھ ، دھرم ویر سنگھ ۔
فارورڈس : ایس وی سنیل ، رمن دیپ سنگھ ، آکاش دیپ سنگھ ، مندیپ سنگھ ، للت اُپادھیائے ، نکن تھمیا ۔