نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 186رنز سے شکست دی

کنگسٹن۔12جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پہلا ٹسٹ کھیل رہے نیوزی لینڈ کے اسپنر گریک نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف97رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں بلکہ میزبان ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں 216رنز پر ڈھیر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ نے پہلے ٹسٹ میں 186رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین مقابلوں کی سیریز میں 1-0کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ دوسری اننگز میں رامدین جہاں مڈل آرڈر میں 34رنز بنائے وہیں شلینگ فولڈ نے 5چھکوں کے ہمراہ ناقابل تسخیر 53رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹسٹ مقابلے میں دوسری مرتبہ 300رنز کا نشانہ عبور نہیں کرپائی جیسا کہ پہلی اننگز میں بھی وہ 262رنز اسکور کرپائی تھی جب کہ مہمان نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 508 اور دوسری اننگز میں 156/8 پر دوسری مرتبہ اپنی اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کریس گیل جو کہ اپنے کریئر کا 100واں ٹسٹ کھیل رہے تھے ان کیلئے یہ مقابلہ مایوس کن ثابت ہوا جب کہ نیوزی لینڈ کیلئے پہلا ہی مقابلہ کھیلنے والے گریک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔