نیوزی لینڈ نے ونڈے میں 490 رنز بناڈالے

ڈبلن۔9 جون(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے 490رنز بنا کر ہر طرز کی ونڈے کرکٹ کا سب سے بڑا اسکوربنایا اور نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔نیوزی لینڈ ویمنس ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 490 رنز بنا کر سنگ میل عبور کیا۔یہ ناصرف ویمنز اور مینز کرکٹ سمیت ہر طرز کی ونڈے کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے کیونکہ مینز ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 444 رنز بنانے کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہے۔نیوزی لینڈ نے ونڈے کی تاریخ میں سب سے بڑے اسکور کا اپنا ہی 21 سالہ پرانا ریکارڈ توڑا ہے جہاں اس سے قبل انہوں نے 1997 میں پاکستان ویمنز ٹیم کے خلاف 455 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔کپتان سوزی بیٹس نے 151 رنز کی غیرمعمولی اننگز کھیلی، میڈی گرین121 رنز بنا کر دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں جبکہ آمیلیاکر 81 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے 346 رنز سے فتح سمیٹ کر ویمنز کرکٹ میں چوتھی بڑی فتح اپنے نام کر لی۔اس شاندار کامیابی کے ذریعہ میزبان نیوزی لینڈ نے آئر لینڈ کے خلاف 3 مقابلوں کی سیریز میں1-0 کی سبقت بنالی ہے۔