نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز جیت لی

ڈونیڈن (نیوزی لینڈ)۔ 25؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ نیوزی لینڈ نے آج چھٹویں مقابلہ میں سری لنکا کے خلاف سات ونڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز جیت لی جب کہ ہنوز ایک میچ کھیلنا باقی تھا، لیکن ولیمسن اور راس ٹیلر نے اپنی ٹیم کی 120 رن سے کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ ولیمسن (97) اور ٹیلر (96) نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعہ نیوزی لینڈ کو سری لنکا کے خلاف 50 اوورس میں 8 وکٹس کے نقصان سے 315 رن کا بھاری اسکور بنانے میں مدد کی۔ حریف سری لنکا کی ٹیم 41 ویں اوور تک محض 195 رن بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس کامیابی نے نیوزی لینڈ کو سات میچوں کی سیریز میں ایک کے مقابلہ چار سے فتح دلائی۔ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ایک میچ ہنوز کھیلا جانا باقی تھا۔ فاتح ٹیم کے کپتان برینڈن مکالم نے اعلان کیا کہ وہ ورلڈ کپ کی تیاری کے بارے میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ مکالم نے کہا کہ یہ بیاٹ کے ساتھ واضح عملی مظاہرہ تھا اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے بولرس نے بھی یقینا بہت خوب مظاہرہ کیا۔ بہرحال ہمارے لئے یہ مزید ایک اہم پیش قدمی ہے اور سیریز پر فتح سے ہمیں بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں دو مختلف کھیل ملے تھے جن میں ایک اپنے آغاز پر بڑی حد تک جارحانہ تھا۔ اگر اس کھیل کا سامنا نہ ہوتا تو ہمیں پتہ بھی نہیں چلتا کہ ہمارے پاس ہنوز بہترین معیاری بیٹسمین ہیں، جو بہت دیر تک بیٹنگ کرسکتے ہیں۔ نیز فی اوور مناسب رن بناسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سری لنکا نے اپنے زخمی بولر لستھ ملنگا کے ٹیم میں نہ ہونے کے باوجود بہتر بولنگ کی اور ان کے بولنگ حملوں نے ہمیں کافی فکر و تشویش میں مبتلا رکھا۔ سری لنکا کے عبوری کپتان لہیرو تھریمانے نے کہا کہ ہماری توجہ بولنگ پر رہی۔ ہم 30 تا 35 اوورس بہت اچھے پھینکے، لیکن آخری 15 اوورس کے دوران ہمیں وکٹس نہیں حاصل ہوسکے اور ہم رن بھی دیتے رہے۔ یہی وہ بات ہے جس پر افسوس اور مایوسی ہے۔ سری لنکا کی بیٹنگ میں بھی مسائل رہے۔ صرف کمارا سنگاکارا ہی سکون اور اطمینان کے ساتھ کھیلتے نظر آئے۔ وہ 66 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 81 رنز بناسکے، لیکن ان کی ٹیم کا کوئی بھی دوسرا اہم بیٹسمین 30 رن کے انفرادی اسکور کو عبور نہیں کرسکا۔ اس کے برکعس نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کوری اینڈرسن نے آج کے کھیل پر اپنے شاندار مظاہرے کی مہر ثبت کردیا۔ اینڈرسن نے نیوزی لینڈ کی اننگز میں 28 گیندوں میں 40 رن بناتے ہوئے ولیمسن اور ٹیلر کی مدد کی۔ بعد ازاں سری لنکا کے خلاف مؤثر بولنگ کرتے ہوئے 52 رن کے عوض چار وکٹس حاصل کیا۔ سری لنکا کے بیٹسمین نے ان کی بولنگ کے خلاف مقابلہ کے فقدان کا مظاہرہ کیا۔

محمد عامر کی واپسی ہنوز بہت دُور: پی سی بی
کراچی۔ 25؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ پی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے آج اعادہ کیا کہ قومی ٹیم میں انتخاب کے ضمن میں ممنوعہ پیس بولر محمد عامر کے بارے میں غور کرنا ہنوز بہت دُور کی بات ہے۔ پاکستان ذرائع ابلاغ نے گزشتہ ہفتہ یہ خبر دیتے ہوئے ایک نیا ہوا کھڑا کردیا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے اس ہفتہ لاہور میں انٹرویو کے بعد محمد عامر آئندہ ماہ سے قومی کرکٹ میں واپسی کریں گے۔
مرے کوارٹرس فائنل میں داخل
ملبورن۔ 25؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ تین مرتبہ شکست سے دوچار رہے برطانوی اینڈی مرے کی قسمت نے آج انھیں گریگور دیمتروف کے خلاف کامیابی دلاتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ چھٹویں مقام کے حامل برطانوی کھلاڑی مرے نے 10 ویں مقام کے حامل بلغاریہ کے دیمتروف کو شکست دیدی۔