نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 98رنز سے شکست دی

کرائسٹ چرچ۔14فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) میزبان نیوزی لینڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ دھماکوانداز میں آغاز کرتے ہوئے 1996ء کی چمپئن سری لنکائی ٹیم کو 98رنز سے شکست دی ہے ۔ سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھوز نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس نے جارحانہ آل راؤنڈر کورے اینڈرسن اور برنڈن مکالم کی تیز رفتار نصف سنچریوں کی بدولت 331/6 کا اسکور بنایا ۔ علاوہ ازیں شاندار فام میں موجود کین ولیمسن نے بھی 57رنز کی ایک اہم اننگز کھیلی ۔ نیوزی لینڈ نے برنڈن مکالم کے تیز رفتار 65رنز اور آخری اوورس میں اینڈرسن کے 75رنز کی بدولت 300رنز کا نشانہ آسانی سے عبور کرلیا ۔ ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں سری لنکائی ٹیم کو درمیانی اوورس میں یکے بعد دیگرے تین اہم کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا جس میں سینئر بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ کمارا سنگاکارا 39رنز ہی اسکور کرپائے ہیں ۔ اہم کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کی وجہ سے مہمان ٹیم 46.1اوورس میں 233رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی ۔ سری لنکا کے لئے اوپنر لہیرو تھیریمینے واحد بیٹسمین رہے جن کا مظاہرہ اطمینان بخش رہا جیسا کہ انہوں نے 60گیندوں میں 65رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔ علاوہ ازیں کپتان انجیلو میتھوز نے 46رنز کی اننگز کھیلی ۔ میتھوز جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتداء میں صحیح بھی دکھائی دے رہا تھا جیسا کہ بارش کی وجہ سے مقابلہ 8 منٹ تاخیر سے شروع ہوا اور بولروں نے ابرآلود موسم کا فائدہ بھی اٹھایا ۔ مکالم نے 49گیندوں کی اننگز میں 10چوکے اور ایک چھکا مارا جب کہ راس ٹیلر صرف 14رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ 34ویں اوورس میں نیوزی لینڈ کا اسکور 193/4تھا ۔ اس موقع پر بیٹنگ کیلئے پہنچنے والے اینڈرسن نے 46گیندوں میں دو چھکوں اور8چوکوں کے ہمراہ 75رنز بنائے ۔