نیوزی لینڈ میں ہندوستان کو ونڈے سیریز کی بدترین شکست

ویلنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) بے بس ہندوستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ میں ونڈے کی اپنی بدترین شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ آج یہاں منعقدہ رواں سیریز کے 5 ویں اور آخری ونڈے میں مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ٹیم کو 87 رنز کی شکست ہوئی، جس کے نتیجہ میں 5 مقابلوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کا 4-0 کے ذریعہ مکمل صفایا ہوگیا جبکہ تیسرا مقابلہ ٹائی ہوا تھا۔ ہندوستانی بیٹنگ شعبہ آج پھر ایک مرتبہ نشانے کے تعاقب میں ناکام رہا جیسا کہ 304 رنز کے جواب میں ہندوستانی ٹیم 49.4 اوورس میں 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ میں ہندوستان کی یہ اب تک کی بدترین شکست ہے چونکہ 2002-03ء میں 7 ونڈے مقابلوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو 2-5 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جبکہ کسی سیریز میں ایک بھی کامیابی حاصل نہ کرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے کیونکہ 1975-76ء اور 1980-81ء کے دوروں پر بھی ہندوستانی ٹیم کو 0-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ تاہم وہ سیریز صرف 2 مقابلوں کی ہی تھی۔ آج بھی دھونی نے ٹاس جیتا اور پھر ایک مرتبہ میزبان ٹیم کوبیٹنگ کے لئے مدعو کیا جس نے اوپنرس کی جانب سے سست آغاز کے باوجود راس ٹیلر کی سنچری اور سیریز میں مسلسل نصف سنچریاں اسکور کرنے والے کین ولیمسن 88 کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز اسکور کئے۔

ٹیلر نے 106 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 102 رنز اسکور کئے جبکہ کین نے اپنی اننگز کے دوران 91 گیندوں کا سامنا کیا اور 8 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ برنڈن مکالم نے 18 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 اور نیشم نے 19 گیندوں میں 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناکام شکست 4 ، 3 رنز بنائے۔ ہندوستان کیلئے وارن آرون نے 60 رنز کے عوض 2 جبکہ محمد سمیع نے 61 اور بھونیشور کمار نے 8 اوورس میں 48 رنز دیکر فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

اشون 6 اوورس میں 37 اور جڈیجہ 9 اوورس میں 54 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ جوابی اننگز میں ویراٹ کوہلی نے 78 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 82 رنز اسکور کئے جبکہ دھونی 72 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 47 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں روہت شرما (4)، شکھر دھون (9)، اجنکیا راہنے (2)، امباٹی رائیڈو (20)، اشون (7)، جڈیجہ (5)، بھونیشور (20) اور محمد سمیع نے ناٹ آوٹ 14 رنز اسکور کئے جس میں ایک چھکا بھی شامل ہے۔ ونڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے فاسٹ بولر جیمس ہنری نے 10 اوورس میں 38 رنز دیکر4 وکٹیں حاصل کی اور مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ راس ٹیلر کو سیریز کا بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔