نیوزی لینڈ میں پاکستان کی پہلی کامیابی

آکلینڈ۔25 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے بیٹسمینوں اور بولروں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں 48 رنز سے شکست دے کر دورہ نیوزی لینڈ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔گزشتہ چھ میچوں سے ناکامی سے دوچار پاکستانی بیٹنگ کو اس مرتبہ احمد شہزاد اور فخر زمان پر مشتمل نئی اوپننگ جوڑی نے 10 اوورز میں 94 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔تاہم ٹیم کو اس وقت دھکا لگا جب دونوں اوپنرز محض چار گیندوں کے فرق سے پویلین لوٹ گئے، احمد شہزاد نے 34 گیندوں پر 44 اور فخر نے 28 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور بابر اعظم نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے 91 رنز جوڑے، سرفراز 41 رنز بنانے کے بعد بین وہیلر کی وکٹ بنے۔بابر اعظم نے عمدہ کھیل کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے علاوہ ٹیم کی ڈبل سنچری بھی مکمل کروا دی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، بابر 50 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد عامر نے اوپنرکولن منرو کو آؤٹ کر کے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا جبکہ اگلے ہی اوور میں حارث سہیل نے عمدہ کیچ لے کر کیوی کپتان کین ولیمسن کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔ٹام بروس اور مارٹن گپٹل نے اسکور 47 تک پہنچایا ہی تھا کہ حارث سہیل نے شاندار تھرو کے ذریعہ اپنی موجودگی کا دوبارہ احساس دلایا اور براہ راست تھرو پر بروس کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اگلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کو بڑا دھکا لگا جب مارٹن گپٹل 27 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد شاداب کی وکٹ بن گئے جبکہ ایک اوور بعد فہیم اشرف نے حارث کی مدد سے فلپس کو بھی پویلین واپسی کا راستہ دکھادیا۔جب 64 کے اسکور پر کولن ڈی گرینڈ ہوم کی شکل میں نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ گری تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید میزبان ٹیم اپنی سنچری بھی مکمل نہ کر سکے لیکن ٹیل اینڈرز نے اپنی ٹیم کو اس رسوائی سے بچا لیا۔مچل سینٹنر اور بین وہیلر نے ساتویں وکٹ کیلئے 54 رنز کی شراکت قائم کی لیکن بڑھتے رن ریٹ کا ان کے پاس بھی کوئی جواب نہ تھا اور حسن علی نے 30 رنز بنانے کے بعد وہیلر کی وکٹیں بکھیر کر ٹیم کو ساتویں کامیابی دلائی۔مچل سینٹنر نے 37 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن پوری نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز پر آوٹ ہو کر میچ میں 48 رنز سے ناکامی سے دوچار ہوئی۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ محمد عامر اور شاداب خان کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔اس میچ میں کامیابی کی بدولت پاکستان نے تین میچوں کی ٹی20 سیریز 1-1 سے برابر کردی۔فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹی20 میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔