لاہور۔27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں اور امید ہے نیوزی لینڈ کا دورہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے کٹ کی تقریب رونمائی کے دوران انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا ،مجھے اپنے کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے۔ فخرزمان اور بابراعظم کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور نیوزی لینڈ میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔قائد اعظم ٹرافی کے اسپانسرز نہ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھ کر باتیں کرنا آسان ہوتا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کو زبردستی قائد اعظم ٹرافی کی اسپانسر شپ پر آمادہ نہیں کر سکتے۔نشریاتی ادارے کو بھی پابند نہیں کر سکتے کہ وہ میچز دکھائیں، مزہ تب آتا ہے جب کرکٹ کو فروغ دینے والے بڑے ادارے ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے اسپانسر کے طور پر سامنے آتے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کو اسپانسر کرنے کیلئے اداروں کو آگے آنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے اسپانسرز کا نہ ملنا عالمی سطح پر بھی مشکل ہے۔ آسٹریلیا ، انگلینڈ اور ہندوستان کے سوا دیگر ملکوں میں ٹسٹ کرکٹ دیکھنے کیلئے کم لوگ ہی اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے میچز شائقین کی زیادہ توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔طویل فارمیٹ میں اسپانسرز تلاش کرنا ہمارے، آئی سی سی اور دیگر سب ممالک کیلئے مشکل ہے جبکہ ٹسٹ میچ کیلئے پانچ دن کی اسپانسر شپ عام طور پر ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے برابر ہوتی ہے۔دریں اثناء پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تفریح کیلئے ٹی 10 کرکٹ بہت اچھی ہے لیکن اس سے کرکٹرز کو ٹسٹ کر کٹ بھول جائے گی کیونکہ بیٹسمین لمبی اننگز نہیں کھیل سکیں گے جبکہ باولروں کو بھی صرف دو اوورز میں زور لگانے کی عادت ہوجائے گی۔