بنگلہ دیشی کھلاڑی جان بچانے کیلئے بھاگنے لگے:تمیم
کرائسٹ چرچ۔15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کے واقعہ میں بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم بال بال بچ گئی۔ کپتان تمیم اقبال نے ٹوئٹ کیا کہ بھاگ کر جان بچائی، تمام کرکٹرز خیریت سے ہیں۔ فائرنگ کے وقت بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد میں موجود تھی، کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔ واقعے کے فوراً بعد کپتان تمیم اقبال نے اپنے ٹویٹ میں کہا ٹیم کے تمام کھلاڑی محفوظ ہیں۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفیق الرحیم نے ٹویٹ میں کہنا تھا ہم بہت خوش قسمت رہے کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ایسا دوبارہ ہو۔ بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے بھی تمام کھلاڑیوں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کل ہونیوالا تیسرا ٹسٹ میچ اور دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں بڑی دہشت گردی، 2 مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ مسلح شخص نماز جمعہ کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور خودکار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور نے کئی بار گن ری لوڈ کی اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کرتا رہا۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اس دوران ہیلمٹ پر لگے کیمرے سے ویڈیو بناتا رہا اور انٹرنیٹ پر براہ راست دکھاتا رہا۔ پولیس کو حملہ آور کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے تارکین وطن اور مسلم مخالف مواد ملا ہے۔ پولیس کمشنر مائیک بش کے مطابق ایک خاتون سمیت تین مردوں کو حراست میں لیا گیا ہے، حملہ آور کی گاڑی سے دھماکہ خیز آلات بھی ملے ہیں، ایک حملہ آور کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔ حکام نے آج کے دن کرائسٹ چرچ پر سفر کی پابندی لگا دی جبکہ لوگوں کو مساجد سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔ شہر میں گرجا گھروں اور اسکول بند کر کے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ عینی شاہدین نے کہا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آڈرن نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا جو آج ہوا سب اس کی مذمت کرتے ہیں، بہت سی معلومات ابھی سامنے نہیں لاسکتے، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، عوام پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا پولیس پوری طرح متحرک ہے، زیر حراست افراد کی کار میں بارودی مواد نصب تھا، ہماری ایجنسیاں معاملے کو دیکھ رہی ہیں، حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، حملہ آوروں سے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔