لندن ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ میں کھیلے گئے رگبی ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے نتیجے میں نیوزی لینڈ اس عالمی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ہفتہ شام کو لندن کے ٹویکنہیم اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بلیک کیپس نے آسٹریلیا کو 17 کے مقابلے میں 34 پوائنٹ سے شکست دی۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں ایک مرحلے پر نیوزی لینڈ کو اپنے روایتی حریف پڑوسی ملک پر تین کے مقابلے میں 21 پوائنٹس کی برتری بھی حاصل تھی اور میچ یکطرفہ لگ رہا تھا۔ پھر آسٹریلیا کی جانب سے میچ میں واپسی ہوئی اور جب آخری 15 منٹ کا کھیل بچا تھا تو دونوں ٹیموں میں فرق صرف چار پوائنٹس کا رہ گیا تھا۔ لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم پھر ایک ڈراپ گول، ڈین کارٹر کی پینلٹی کک اور باؤڈن بیرٹ کی ٹرائی کی بدولت اپنی برتری میں اضافہ کرنے میں کامیاب رہی اور نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی چمپئن بن گئی۔ یہ تیسرا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم رگبی کا عالمی کپ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ارجنٹائن کو شکست دی۔ اس ٹورنمنٹ میں انگلینڈ کو ابتدائی مرحلے میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ رگبی کے کسی بھی عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا پہلا ملک بنا جو کوارٹر فائنلز مرحلے تک رسائی حاصل نہیں کر سکا۔