شارجہ۔30نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے یہاں شارجہ میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم کو دوسری اننگز میں 259رنز تک محدود رکھتے ہوئے مقابلہ میں ایک اننگز اور 80رنز کی کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ تین مقابلوں کی سیریز کو 1-1سے برابر کرلیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کی کامیابی میںفاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے 38رنز کے عوض 4اور مارک گریک نے 109رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اہم رول ادا کیا ہے ۔ گریک جنہوں نے پہلی اننگز میں 7وکٹیں حاصل کی ہیں اور مقابلہ میں مجموعی طور پر 10وکٹوں کے حصول کی بدولت انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے جب کہ محمد حفیظ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستانی ٹیم کی دوسری اننگز میں حالت مزید ابتر ہوتی اگرچہ اسد شفیق سنچری اسکور نہ کرتے ‘ اسد شفیق نے جہاں ایک سرے سے یکے بعد دیگرے وکٹوں کا زوال ہورہا تھا وہیں تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔نوجوان بیٹسمین نے 148گیندوں میں 18چوکوں اور 6چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 137رنز اسکور کئے ۔
پاکستانی ٹیم جس نے پہلی اننگز میں بہتر شروعات کے باوجود 351رنز اسکور کئے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 690رنز بناتے ہوئے پاکستانی ٹیم پر پہلی اننگزمیں 339رنز کی غیرمعمولی سبقت حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم پر دباؤ بنایا ۔ پاکستانی ٹیم کیلئے چھٹی وکٹ کیلئے اسد شفیق اور سرفراز احمد نے 73جب کہ نویں وکٹ کے لئے اسد شفیق اور فاسٹ بولر راحت علی کے درمیان 78رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے میزبان ٹیم کو شکست دے کچھ لمحات کیلئے دور رکھا۔ دوسری اننگز کی شروعات بھی پاکستانی اوپنرس بہتر نہ کرسکے جیسا کہ 13کے مجموعی اسکور پر شان مسعود( 4) آوٹ ہوئے جس کے بعد اظہر علی (6) ‘ یونس خان (0) ‘ مصباح الحق (12) کی وکٹوں کے زوال نے نیوزی لینڈ کی کامیابی کو آسان کردیا ۔