نیوزی لینڈ۔ سری لنکا چوتھا ونڈے بارش کی نذر

نیلسن ۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بارش کے باعث 24 اوورز تک محدود ونڈے سیریز کے چوتھے مقابلے کو 9اوورز کے کھیل کے بعد ختم کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے شہر نیسلن کے سیکسٹن اوول گراؤنڈ میں سیریز کا چوتھا میچ بارش کی وجہ سے 3گھنٹے اور40 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تھا اور  سری لنکا نے ٹاس جیت کر میزبان  ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔نیوزی لینڈ نے کھیلے گئے 9 اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بنائے تھے تاہم بارش کی دوسری مرتبہ مداخلت سے میچ کو ختم کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور راس ٹیلر نے جارحانہ انداز میں 75 رنز بنائے تھے۔ گپٹل نے 27 رنز کی اننگز میں 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا جبکہ راس ٹیلر 14 گیندوں پر 20 رنز بنا کر کریز پر کھڑے تھے اور جب میچ ختم کیا گیا تو نیکولس 4 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے تھے۔قبل ازیں ٹام لیتھم 9 اور کین ولیمسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے کلوسیکرا، پریرا اور چمیرا نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لیند کو سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل ہے۔ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 5 جنوری کو کھیلا جائے گا۔