نشیلی ادویات ضبط ، ٹاسک فورس اور ایس آر نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 4 اگست (سیاست نیوز) ٹاسک فورس اور ایس آر نگر پولیس ایک مشترکہ کارروائی میں نیند آور گولیوں کے غیرقانونی طور پر فروخت کرنے میں ملوث 6 رکنی ٹولی بشمول دو طالبعلموں کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضے سے اشیاء برآمد کرلی گئی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ31 سالہ کے کرن گوڑ ہے جو پیشہ سے سیندھی کا کنٹراکٹر ہے اور کاماریڈی ضلع کا متوطن ہے ۔ کرن ایک کیلو ڈائیزی پام اور الٹرازولان فی کیلو 1 لاکھ 30 ہزار اور 10 ہزار میں چاری نامی شخص سے خریدا کرتا تھا ۔ نیند آور گولیوں کو وہ سیندھی میں ملاکر اسے فروخت کیا کرتا تھا لیکن چند ماہ قبل اس نے سیندھی کا کاروبار روک دیا اور اس کے پاس موجود نیند آور گولیوں کو غیرقانونی طور پر فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا جس کے تحت اپنے بہنوائی جی پانڈو گوڑ کو گراہک فراہم کرنے کیلئے کہا ۔ اسی طرح پانڈو گوڑ کے دوست سریکانت نے محمد عظمت اور کے باسوا راجو سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں گولیاں خریدنے کیلئے کہا ۔ اسی طرح ملزمین نیند آور گولیوں کو کے ماوین کو فروخت کردیا ۔ اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث ہونے کی اطلاع پر ٹاسک فورس اور ایس آر نگر پولیس نے کرن گوڑ ، پانڈو گوڑ ، کے ماوین (طالبعلم) ، وائی سریکانت (طالبلعم) ، محمد عظمت اور کیسوا راجو کو گرفتار کرلیا ۔ ان کے قبضہ سے 2.5 کیلو الپروزولان اور 500 گرامس ڈائیزی پام گولیاں برآمد کرتے ہوئے انہیں ایس آر نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا ۔