نیم پاگل شخص نے 7 سالہ کمسن لڑکی کا گلا کاٹ دیا

نیم پاگل شخص نے 7 سالہ کمسن لڑکی کا گلا کاٹ دیا
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر سنسنی خیز واقعہ
حیدرآباد 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) ایک اندوہناک واقعہ میں آج دوپہر ریلوے اسٹیشن سکندرآباد پر 7 سالہ کمسن لڑکی کا ایک نیم پاگل شخص نے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب سینٹ مارٹن اسکول کی طالبہ پریہ درشنی اپنے ایک رشتہ دار کی شادی میں شرکت کی غرض سے اپنے باپ سرینواس کے ہمراہ ریلوے اسٹیشن سکندرآباد پہونچی تھی۔ کمسن لڑکی اپنی روانگی اور شادی میں شرکت کے تعلق سے بڑی خوش نظر آرہی تھی لیکن اُس کی خوشی چند منٹوں میں ہی اُس وقت ختم ہوگئی جب ایک نیم پاگل شخص کرن کمار نے دو چاقوؤں سے اُس پر اچانک حملہ کرکے قتل کردیا۔ اِس واقعہ کے بعد سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر سنسنی پھیل گئی اور اِس واقعہ میں ریلوے پولیس کا کانسٹبل ہری پرساد بھی زخمی ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سرینواس ساکن مشیرآباد گنگاپترا نگر جو پیشہ سے خانگی ملازم ہے کی شادی سونو سے ہوئی تھی اور اُنھیں دو لڑکیاں پریہ درشنی اور ایرو پورو ہیں۔ سرینواس اپنے ماموں زاد بھائی کی شادی جو مہاراشٹرا کے ضلع شولاپور میں مقرر تھی، میں شرکت کے لئے آج دوپہر 1.30 بجے اپنی ماں ستیہ اماں اور بڑی بیٹی پریہ درشنی کے ہمراہ ریلوے اسٹیشن سکندرآباد پہونچا۔ 10 نمبر پلیٹ فارم پر ماں اور بیٹی کو چھوڑ کر 1.55 بجے راجکوٹ ایکسپریس کا ٹکٹ خریدنے کے لئے بُکنگ کاؤنٹر پہونچا تھا۔ اِسی دوران شادی میں شرکت کے سلسلہ میں انتہائی خوش لڑکی پریہ درشنی پلیٹ فارم پر ٹرینوں کی آمد و رفت دیکھ کر خوش ہورہی تھی کہ اُسے اچانک ایک نامعلوم شخص نے دبوچ لیا اور کچھ ہی دور لیجاکر دو چاقوؤں سے اُس پر حملہ کردیا۔ اِس حملہ میں پریہ درشنی کو 8 ضربات بشمول سر پر دو گہرے زخم پہنچایا۔ جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی۔ پریہ درشنی کی دادی ستیہ اماں نے اپنی پوتی پر حملہ ہوتا دیکھ کر شور مچایا جس کے نتیجہ میں ریلوے پولیس کانسٹبل ہری پرساد کے علاوہ ریلوے قلی اور دیگر مسافرین نے کرن کمار کو دبوچ لیا اور اُسے کمرہ میں بند کرکے اُس پر حملہ کردیا۔ سرینواس خون میں لت پت اپنی بیٹی کو گاندھی ہاسپٹل بذریعہ آٹو منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ جبکہ قلیوں اور مسافرین کے حملہ میں زخمی نیگم پاگل 26 سالہ کرن کمار کو پولیس نے گاندھی ہاسپٹل علاج کیلئے منتقل کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ کرن کمار کا تعلق ضلع چتور کے وجئے پور منڈل سے ہے اور وہ آج صبح 11 بجے وجئے واڑہ سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن اروکونا پاسنجر ٹرین سے پہونچا تھا۔ پولیس عہدیداروں کو کرن کمار نے یہ بتایا کہ وہ ایڈس کا شکار ہوچکا ہے جس کی وجہ سے اُس کا دماغی توازن بگڑ چکا ہے۔ ریلوے پولیس نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے قاتل کرن کمار کی دماغی حالت سے متعلق تفصیلات کیلئے ماہر نفسیات سے مشورہ کیا جارہا ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں۔