نیمر کے زخمی ہونے سے برازیل کو مشکلات

بیلوہوریزونٹے ۔ 30؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ برازیل نے سخت جدوجہد کے بعد ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ چلی کے خلاف راؤنڈ آف 16 میں پنالٹی کِکس پر فتح کو مبصرین زیادہ حوصلہ افزاء قرار نہیں دے رہے۔ ماہرین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ میزبان ٹیم کا حد سے زیادہ انحصار نیمر پر ہے۔ اب ٹیم کو مزید آگے لے جانے میں ان کی زیادہ مدد درکار ہوگی، لیکن نیمر چلی کے خلاف اعصاب شکن مقابلہ کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔ وہ میچ کے دوران حریف دفاعی کھلاڑی چارلس ارانگوئز سے زبرست ٹکراؤ کے بعد گرگئے تھے۔ ان کی ران میں چوٹ لگی ہے۔ ٹیم کے کوچ لوئس فلپ اسکولاری کہتے ہیں کہ ہمیں نیمر کی فٹنس پر تشویش ہے۔ ہمارے پاس بھی چار پانچ روز کا وقت ہے۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ نیمر کا زخم کس نوعیت کیا ہے اور وہ کوارٹر فائنل کے لئے تیار ہوں گے یا نہیں؟ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ وہ فٹ ہوجائیں اور جمعہ کو کولمبیا کے خلاف اہم ترین میچ میں قطعی کھلاڑیوں کا حصہ ہوں۔ برازیل کے لئے نیمر کی دستیابی تو معمہ بنی ہوئی ہے، لیکن اسے اگلا میچ مڈ فیلڈر لوئس گستاؤ کے بغیر کھیلنا پڑے گا، کیونکہ وہ چلی کے خلاف دوسرا زرد کارڈ ملنے کے بعد اگلے میچ سے باہر ہوچکے ہیں۔ گستاؤ نے اب تک ٹورنمنٹ میں برازیل کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کوچ اسکولاری نے اسے ٹیم کے لئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ اب انہیں لازمی طور پر پالنہو کو منتخب کرنا پڑے گا۔ دلچسپ بات ہے کہ کوچ نے پالنہو کو چلی کے خلاف میچ میں آخری لمحات ٹیم سے خارج کیا تھا۔ مقامی میڈیا نے چلی کے خلاف کارکردگی پر برازیلی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ معروف مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اس کی اب تک کی سب سے ناقص کارکردگی رہی۔ تاہم اُمید ہے کہ ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔ بہتر ہوگا کہ اس کا سامنا فیصلہ کن مقابلہ میں روایتی حریف ارجنٹینا سے نہ ہو۔