نیمر کا اسٹار مظاہرہ ‘ برازیل ناک آوٹ مرحلہ میں

براسیلیا ۔ 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) برازیل کے ابھرتے ہوئے نوجوان فٹبال کھلاڑی 22 سالہ نیمر نے کیمرون کے خلاف اپنی ٹیم برازیل کی 4-1 گول کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ۔ نیمر پھر ایک مرتبہ برازیل کی کامیابی کے معمار ثابت ہوئے جیسا کہ انہوں نے مقابلہ کے آغاز پر 17 ویں منٹ میں پہلا گول بناتے ہوئے ٹیم کو کیمرون کے خلاف سبقت دلوائی ۔ بعدازاں 34 ویں منٹ میں پھر ایک مرتبہ نیمر نے گیند کو جال میں پہنچاتے ہوئے ٹیم کی سبقت کو دوگنی کر دی جبکہ برازیل کے لئے دیگر دو گول 49 ویں منٹ میں فریڈ اور 84 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی فرنانڈھینو نے اسکور کئے ۔

17 ویں منٹ میں جب نیمر نے برازیل کے لئے ابتدائی گول کرتے ہوئے سبقت دلوائی تو 26 ویں منٹ میں ماتب نے کیمرون کے گول کرتے ہوئے مقابلہ کو برابری پر لا کھڑا کیا ۔ نیمر کا پہلا گول برازیل کے لئے ایک ریکارڈ گول رہا کیونکہ میزبان ٹیم کا یہ ورلڈ کپ 100 واں مقابلہ تھا اور یہ گول بھی ٹیم کے 100 واں گول ثابت ہوا ۔ علاوہ ازیں نیمر ‘ فریڈ اور ہاک کو ایک زائد مرتبہ گول بنانے کے مواقع فراہم ہوئے ۔ کروشیا کے خلاف 3-1اور میکسیکو کو کے خلاف مقابلہ جو بغیر گول کے برابری پر ختم ہوا تھا اس کے بعد فریڈ پر کافی تنقید کی جا رہی تھی لیکن اس مقابلہ میں انہوں نے بہتر مظاہرہ کیا ۔